ہمارے تمام دشمن یکجا ہو کر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، وہ ہمیشہ اپنی کوششوں میں نا کام رہیں گے، پاکستان پر کوئی بری نظر ڈالنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

ائیر چیف سہیل امان کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 17:55

ہمارے تمام دشمن یکجا ہو کر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، وہ ہمیشہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2018ء) 1974 ء کی عرب اسرائیل جنگ کے ہیرو ائیر کموڈورستار علوی (ریٹائرڈ ) کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پی اے ایف میوزیم کراچی میں ایک منفرد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے شامی فضائیہ کی طرف سے جنگ میں حصہ لیتے ہوئے اسرائیلی فضائیہ کے میراج طیارے کو مار گرا یا تھا۔اس تقریب میں ستار علوی نے مار ے جانے والے اسرئیلی پائلٹ کیپٹن لٹز کے فلائنگ کوور آل(سوٹ) کو میوزیم میں رکھنے کے لئے پیش کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ہمارے تمام دشمن یکجا ہو کر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں مگر وہ ہمیشہ اپنی کوششوں میں نا کام رہیں گے۔ پاکستان اللہ کے نام پر بننے والی ایک نظریاتی ریاست ہے جس پر کوئی بری نظر ڈالنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ پاک فضائیہ اور مسلح افواج، قوم کے شانہ بشانہ دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملا دیںگی۔

پاک فضائیہ اپنے پیش روئوں کی بے مثال قربانیوں اور پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت مادروطن کی فضائی سرحدوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائے گی۔ اس موقع پر ائیر چیف نے ائیر کموڈور ستار علوی (ریٹائرڈ ) کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عظیم پائلٹ کے کارنامے نہ صرف پاک فضائیہ بلکہ پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں۔ انہوں نے مارے جانے والے اسرائیلی پائلٹ کے فلائنگ کور آل کو وار ٹرافی سے تشبیہ دی اور اسے پی اے ایف میوزیم کے تاریخی ورثے میں ایک قیمتی اضافہ قرار دیا۔

گروپ کیپٹین حسینی کے آرٹ کو سراہتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ان کی ایوی ایشن پینٹنگز پاک فضائیہ کے بے مثال ماضی اور اس کے ارتقائی مراحل کو محفوظ کرنے میں معاون ثابت ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گروپ کیپٹن حسینی نے جس طرح خوبصورت انداز میں پاک فضائیہ کی شاندارتاریخ کو پیش کیا ہے یہ ناصرف موجودہ بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں ۔

ائیر کموڈور ستار علوی (ریٹائرڈ )ایک عظیم فائٹر پائلٹ ہیں جنہوں نی1974 ء کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران شامی فضائیہ کے مگ ۔ 21 میں پرواز کرتے ہوئے اسرائیلی فضائیہ کے میراج ائیر کرافٹ کو تباہ کیا تھا۔ اور وہ یہ تاریخی کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے واحد پائلٹ ہیں۔ اس بہادری کے کارنامے پر انہیں حکومت ِ پاکستان کی جانب سے ستارئہ جرأت اور شامی حکومت کی جانب سے انہیں وسام فارس اور وسام شجاعت کے اعزازات سے نوازا گیا۔

گورنر سندھ ، محمد زبیر اس تاریخی موقع پر مہمانِ خصوصی تھے ۔مہمانِ خصوصی کی آمد پرپاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے ان کا استقبال کیا۔ اس تقریب میں مہمان خصوصی نے ایوی ایشن پینٹنگز کی نمائش کا بھی افتتاح کیا جس کا موضوع " پاک فضائیہ۔ فضائی سرحدوں کے محافظ " تھا ۔ اس نمائش میں بین الاقوامی طور پر مشہور ایوی ایشن آرٹسٹ گروپ کیپٹین (ریٹائرڈ) حسینی کے 300فن پارے عوام الناس کے لیے پیش کیے گئے ہیں ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ قوم کو اپنے ہیروز کی تاریخ کو جاننا چاہیے کہ کیسے انہوں نے اس ملک کی بقاء اور تحفظ کے لیے کارنامے سر انجام دئیے ۔ 1967 ء اور 1973ء کی عرب اسرائیل جنگ میں پاک فضائیہ نے جراتمندانہ کردار ادا کیا ۔ مجھے فخر ہے کہ میں آج یہاں ائیر کموڈور علوی کے ساتھ ہوں جنہوں نے اس جنگ میں نہ صرف بہادری کے ساتھ حصہ لیا بلکہ اسرائیلی فضائیہ کے طیارے کو بھی مار گرایا۔

میں گروپ کیپٹن حسینی کو پاکستانی تاریخ کی خوبصورت تصویر کشی پر داد دیتا ہوں یہ نہ صرف پاک فضائیہ کے لیے اہم ہے بلکہ ہمارے ملک اور ہماری آنے والی نسلوں کے لیے کارآمد ہے جو ہماری تاریخ کو اس خوبصور ت انداز میں دیکھ سکیں گی۔اس تقریب میں پاک فضائیہ کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران ، شہداء کے لواحقین اور کراچی سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے شرکت کی ۔ یہ نمائش23 جنوری 2018 تک عوام الناس کے لیے جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :