صدر مملکت ممنون حسین کے تعاون سے کل بابائے اردو کے خواب کی تکمیل پوری ہو گئی،

’’باغ اردو‘‘ کی تعمیر سے تحقیق اور مطالعہ میں مزید اضافہ ہوگا، انجمن ترقی اردو، اردو کے فروغ کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے ذوالقرنین جمیل اور ڈاکٹر فاطمہ حسن کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 17:52

صدر مملکت ممنون حسین کے تعاون سے کل بابائے اردو کے خواب کی تکمیل پوری ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) صدر انجمن ترقی اردو ذوالقرنین جمیل نے کہا ہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کے تعاون سے کل بابائے اردو کے خواب کی تکمیل پوری ہو گئی، ’’باغ اردو‘‘ کی تعمیر سے تحقیق اور مطالعہ میں مزید اضافہ ہوگا اور لوگ اس سے استفادہ حاصل کریں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو انجمن ترقی اردو کی نئی عمارت ’’باغ اردو‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

عمارت کا افتتاح صدر مملکت ممنون حسین نے کیا۔ عمارت صدر مملکت کی خصوصی گرانٹ سے تعمیر ہوئی ہے جس کا سنگ بنیاد انہوں نے مئی2015 ء میں رکھا تھا۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر، صدر انجمن ترقی اردو ذوالقرنین حید رجمیل، معتمد انجمن ترقی اردو ڈاکٹر فاطمہ حسن، مشیر علمی و ادبی پروفیسر ڈاکٹر سحر انصاری، شہر کے مختلف تعلیمی و ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معتمد انجمن ترقی اردو ڈاکٹر فاطمہ حسن نے کہا کہ انجمن نے 2017 ء میں مختلف موضوعات پر 24 کتب شائع کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجمن ترقی اردو، اردو کے فروغ کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اس نئی عمارت کی تعمیر سے انجمن سے استفادہ کرنے والوں کو مزید آسانیاں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی عمارت چار جامعات کے قریب واقع ہے اس لئے ان اداروں کے طلبا کو بھی یہ جگہ قریب پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ انجمن توسیعی لیکچرز اور تربیتی پروگرامز کا بھی انعقاد کرتی ہے۔ ذوالقرنین جمیل اور ڈاکٹر فاطمہ حسن نے صدر مملکت ممنون حسین کے تعاون سے عمارت کی تعمیر پر شکریہ ادا کیا۔