میاں نواز شریف کا قصور پاکستان کو ایٹمی بنانا ہے،کارکن قربانی دینے کیلئے تیار ہیں ،مشاہد اللہ خان

نواز شریف کے خلاف سازشیں کرنے والے زرداری ،عمران اور قادری کو عوام نے ان کی اوقات یاددلادی ہے ،وفاقی وزیر کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 17:37

میاں نواز شریف کا قصور پاکستان کو ایٹمی بنانا ہے،کارکن قربانی دینے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کا قصور پاکستان کو ایٹمی بنانا ہے ۔ملک کو معاشی طاقت بنانے کی داغ بیل ڈالنے پر بیرونی اور اندرونی دشمنوں نے ان کے خلاف سازش کی جسے ناکام بنانے کے لیے نواز شریف کے سپاہی ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ہفتہ کو سندھ مسلم لیگ (ن)ہاؤس کارساز میں پارٹی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضا، امان آفریدی ،نثار شاہ ،ملک تاج ،سلطان بہادر ،زاہد علی شاہ ، یعقوب کارلو، اسلم خٹک، نعیم، حبیب اللہ اور راجہ سعید نے بھی خطاب کیا ۔اجلاس میں سندھ کے نائب صدور راجہ عبد اللہ، کریم شیخ، علی اکبر گجر، فواد شاہ، حمید بٹ، چودھری امجد، خواجہ نیر اور دیگرشریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اپوزیشن کے نام نہاد اتحاد کو لاہور سمیت ملک بھر کے عوام نے مسترد کردیا ہے ۔نواز شریف کے خلاف سازشیں کرنے والے زرداری ،عمران اور قادری کو عوام نے ان کی اوقات یاددلادی ہے ۔بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے خالی کرسیوں سے خطاب کیا اور استعفیٰ دینے کا اعلان کرنے والے شیخ رشید احمد منہ چھپانے کے لیے دبئی جابیٹھے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ہرگذرتے دن کے ساتھ مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے مخالفین خائف ہیں ۔کراچی میں بھی بھرپور تنظیمی سرگرمیاں جاری ہیں جس کے ثمرات آئندہ آنے والے انتخابات میں ملیں گے اور مسلم لیگ (ن) کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی ۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کا قصور صرف اتنا ہے کہا نہوں نے پاکستان کو نہ صرف ایٹمی طاقت بنایا بلکہ معاشی طور پر بھی دنیا کے نقشے میں ایک عظیم ملک بنانے کی داغ بیل ڈال دی جو کہ بیرونی اور اندرونی دشمنوں کو ہرگز قبول نہیں مگر میاں محمد نواز شریف کے ہم سپاہی ہر قربانی کے لئے تیار ہیں اور کسی قیمت پر دشمنوں کے خوابوں کو حقیقی جامہ پہنانے نہیں دیں گے۔

کراچی ڈویژن کے صدر منور رضا نے کہا کراچی کے عوام باشعور ہیں۔ مسلم لیگ ن کراچی نہ صرف فعال ہے بلکہ بابو سرفراز خان جتوئی کی قیادت میں سندھ کا ہراول دستے کا کردار بھی ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کراچی کے عوام کو یہ بات باور کرا چکے ہیں کہ کراچی کا امن درحقیقت میاں محمد نواز شریف کے مرہون منت ہے۔ امان آفریدی نے کہا کہ مسلم لیگ( ن) ہرضلع میں میاں محمد نواز شریف کا پیغام عام کر رہی ہے۔

آج مسلم لیگ ن سندھ میں لوگوں کی آنکھ کا تارا بن چکی ہے جس کی ایک مثال ڈسٹرکٹ ویسٹ کا جلسہ تھا۔ نثار شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بابو سرفراز خان جتوئی نے تمام ضلعی عہدیداروں کو پہلے ہی خصوصی ذمہ داراں دے دی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نہ صرف جلسوں کا احتمام کریں بلکہ گلی گلی جا کر میاں محمد نواز شریف کا پیغام بھی پہنچائیں۔