ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے مسلم لیگ(ن)کی مخالفت میں اکٹھے ہوگئے،مال روڈ جلسہ نے مخالفین کو ان کی اوقات دکھا دی،

نیاپاکستان بنانے والی بتائیں کہ انہوں نے عوام کو کیا دیا، تنخواہ دار طبقہ کو چھت فراہم کرنے کیلئے سکیم متعارف کروائیں گے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا ہری پور میں جلسہ سے خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 17:37

ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے مسلم لیگ(ن)کی مخالفت میں اکٹھے ہوگئے،مال ..
ہری پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ لاہور مال روڈ جلسہ میں خالی کرسیوں نے مخالفین کو ان کی اوقات دکھا دی ہے۔ایک دوسرے کو گالیاں دینے والے مسلم لیگ(ن)کی مخالفت میں اکٹھے ہوئے ہیں،نیا پاکستان بنانے والے بتائیں کہ کتنے ہسپتال اوریونیورسٹیاں قائم کی ہیں۔خیبرپختونخوا میں بجلی کے بڑے منصوبے لانے کے دعوے کرنے والے کہاں ہیں۔

وہ ہفتہ کو کرٹس گراؤنڈ ہری پور میں عوامی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔جلسہ سے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی،سینیٹر پرویز رشید،سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی،وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمد خان،ممبران قومی اسمبلی بابر نواز خان،امیر مقام،سابق وزیراعلیٰ پیر صابر شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نواز شریف نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے وہ عوام سے جو بھی وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔انہوں نے عوام کی امانت میں ایک پائی کی کرپشن نہیں کی ہے۔2018ء کے انتخابات میں عوام ان کی نااہلی کا فیصلہ واپس لیں گے۔وہ بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کی ذمہ داری لیتے ہیں۔نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں ہے۔نیاپاکستان بنانے والوں کی اوقات انہوں نے تین روز قبل دیکھ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے انہیں ہزارہ موٹروے منصوبہ کے افتتاح کی دعوت دی،ان کی بھی بڑی خواہش تھی کہ وہ ہزارہ موٹروے منصوبہ کا افتتاح کریں ،مگر انہیں روک دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقہ کو چھت فراہم کرنے کیلئے سکیم متعارف کروائیں گے۔2018ء کے انتخابات میں وہ مسلم لیگ (ن)کی کامیابی دیکھ رہے ہیں۔پارلیمنٹ کو گالیاں دینے والے خود بھی پارلیمنٹ سے تنخواہ اورمراعات وصول کررہے ہیں اوروہ پارلیمنٹ کا حصہ ہیں۔

نواز شریف نے ہری پور کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہری پو رکے عوام نے مومن کوٹ کے جلسہ کو مات دے دی ہے ،انہوں نے اس سے قبل اتنا بڑا جم غفیر پہلے کھبی نہیں دیکھا اوروہ آئندہ بھی جم غفیر دیکھیں گے۔عوام عمران خان سے پوچھیں کہ اس نے صوبہ میں کیا تبدیلی لائی ہے۔سونامی ٹری منصوبہ صوبہ میں کہیں بھی نظر نہیں آرہا ہے۔نواز شریف نے کہا کہ ان کی مخالفت مخالفین کا ایجنڈہ اورمنشور ہے۔اداروںکی تذلیل اورجیل بجھوانے کی دھمکیاں دینے والا خود جیل جائے گا۔