آئندہ انتخابات میں مخالفین کو بد ترین شکست ہوگی،مقبولیت کا دعویٰ کرنے والی سیاسی جماعتیں مال روڈ پر چند ہزار افراد بھی اکھٹے کرنے میں ناکام رہیں

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس وٹیکنالوجی رانا تنویر حسین کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 20 جنوری 2018 17:27

آئندہ انتخابات میں مخالفین کو بد ترین شکست ہوگی،مقبولیت کا دعویٰ ..
لاہور/مریدکے۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء)وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اینڈ سائنس و ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عوام نے پراپیگنڈہ کی سیاست کو مال روڈ جلسہ میں دفن کر دیا، مقبولیت کا دعوی کرنے والی سیاسی جماعتیں چند ہزار افراد بھی اکھٹے کرنے میں ناکام رہی ،اپوزیشن کی رکاوٹوں کے باوجود ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، عمران خان اور شیخ رشید اُسی پارلیمینٹ کی توہین کر رہے ہیں جس کے وہ خود ممبر ہیں، (ن) لیگ عوام کی مقبول ترین جماعت ہے اورآئندہ انتخابات میں مخالفین کو بد ترین شکست سے دوچار کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے مریدکے میں مختلف سیاسی وفود اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی دفاع کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں اورکوئی بھی میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں بے مثال ترقی ہوئی، پاکستان اپنی ضروریات کے علاوہ جدید اسلحہ دیگر ممالک کو بھی برآمد کر رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ حکومت گرانے اور بنانے کا اختیار عوام کے پاس ہے اور عوام اپنا فیصلہ چکوال ضمنی الیکشن میں نواز لیگ کے حق میں دے چکے ہیں، گزشتہ ساڑھے چار برسوں کے دوران ہو نیوالے تما م ضمنی معرکوں اور بلدیاتی انتخابات میں بھی مخالف سیاسی جماعتوں کی عبرت ناک شکست سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف سے عوام کی والہانہ محبت کا ثبوت ہے ، نواز لیگ نے تمام درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہو کر پاکستا ن کو درست سمت پر گامزن کردیا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ، توانا ئی بحران پر قابو، معاشی و دفاعی استحکام ، روزگار کے وافر مواقع ، سی پیک منصوبے کا اجرااور امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کیے گئے جس کے ثمرات عوام میں منتقل ہو گئے ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت اور ملکی ترقی کامشن لے کر آگے بڑھتے رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے، جہاں معاشرے کو پرامن ،باوقار اور ترقی یافتہ بنانے میں مقننہ اور عدلیہ اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہے ہیں وہاں اداروں کو مستحکم اور عوام کو خوشحال بنانے کیلئے میڈیا کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔