حمزہ بن لادن نے ایران میں دھوم دھام سے شادی منانے کا انکشاف

حمزہ میرا نواں بھائی ہے جس کی شادی میں کر رہا ہوں،تقریب میں سعدبن لادن کی گفتگو

ہفتہ 20 جنوری 2018 17:11

حمزہ بن لادن نے ایران میں دھوم دھام سے شادی منانے کا انکشاف
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) القاعدہ کے مقتول بانی اسامہ بن لادن کے صاحبزادے حمزہ بن لادن نے 2005ایران میں اپنی شادی کی تقریب دھوم دھام سے منائی،حمزہ بن لادن کی 17 سال کی عمر میں ایران میں قیام کے دوران القاعدہ کے دوسرے اہم ترین رہ نما عبداللہ احمد عبداللہ عرف ابو محمد المصری کی بیٹی سے ہوئی تھی،المصری القاعدہ کے موجودہ سربراہ ایمن الظواہری کا نائب ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی مرکزی انٹیلیجنس ایجنسی (سی آئی ای) کی جانب سے جاری ایبٹ آباد دستاویزات میں شامل ایک وڈیو میں القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی شادی کی تقریب سے متعلق نئے انکشافات سامنے آئے ہیں،ریکارڈ شدہ اس وڈیو میں القاعدہ تنظیم کے رہ نماؤں اور دہشت گردی کی بین الاقوامی فہرستوں میں شامل شخصیات کا مجموعہ نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان میں سابق مصری صدر انور سادات کے قاتل کا بھائی محمد شوقی الاسلامبولی، اسامہ بن لادن کا داماد اور القاعدہ کا سابق ترجمان سلیمان ابو الغیث اور سیف العدل شامل ہیں۔ غالب گمان ہے کہ تقریب کی وڈیو بنانے کی ذمے داری سیف کے پاس تھی۔حمزہ بن لادن کے ساتھ اس کے بعض دیگر بھائی بھی نظر آ رہے ہیں۔ ان میں سعد بن لادن، حسن بن لادن اور محمد بن لادن شامل ہیں۔

تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے سعد بن لادن نے کہا کہ حمزہ میرا نواں بھائی جس کی شادی میں کر رہا ہوں۔ یاد رہے کہ سعد بن لادن ایران سے نکلنے کے بعد وزیرستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق ہو گیا تھا۔وڈیو کلپ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حمزہ بن لادن کی شادی کی تقریب دو مختلف مقامات پر ہوئی۔ ان میں پہلا مقام ایک مسجد تھی اور دوسرا مقام ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے القاعدہ کے رہ نماؤں کی رہائش کے لیے مقرر کمپاؤنڈ تھا۔

متعلقہ عنوان :