معیشت نے بیرونی مزاحمت کے باوجود نمو کی رفتار برقرار رکھی ہوئی ہے، اسٹیٹ بینک

ہفتہ 20 جنوری 2018 15:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2018ء) بینک دولت پاکستان نے پاکستانی معیشت کی کیفیت کے بارے میں مالی سال 18ئ کی پہلی سہ ماہی رپورٹ جمعہ کو جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق اہم معاشی اظہاریوں پر ابتدائی اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں نمو کی رفتار طاقتور رہی۔ متعدد ہم آہنگ اظہاریے معیشت میں مجموعی طلب اور رسد کے مزید مستحکم ہونے کا اشارہ دیتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ماسوائے کپاس کے، خریف کی دیگر بڑی فصلوں نے مالی سال 18ئ کے اہداف پورے کر لیے یا ان کی پیداوار اہداف سے آگے رہی۔ اس بہتری میں مددگار عوامل پانی کی کافی دستیابی، کھاد کا عمدہ استعمال، اور زرعی قرضوں کی تقسیم میں حوصلہ افزا اضافہ تھے۔ مالی سال 18ئ کی پہلی سہ ماہی کے دوران بڑے پیمانے کی اشیا سازی (ایل ایس ایم) نے 10 فیصد کی بلند نمو حاصل کی جو مالی سال 09ئ کے بعد سے کسی سہ ماہی کی بلند ترین نمو ہے۔

(جاری ہے)

یہ کارکردگی حوصلہ افزا ہے اور اس میں ماسوائے کھاد کے، تمام شعبوں نے مثبت حصہ ادا کیا۔ اس وسیع البنیاد نمو کے عوامل یہ ہیں: (i) توانائی کی بہتر دستیابی، (ii) سلامتی کی بہتر صورت حال اور (iii) بلند قوتِ خرید اور آسان قرضے تک رسائی کے سبب صارف کی بڑھتی ہوئی طلب۔ اجناس پیدا کرنے والے شعبوں کی عمدہ کارکردگی نے خدمات کے شعبے پر بھی مثبت اثر ڈالا۔رپورٹ میں یہ بات اجاگر کی گئی کہ نجی شعبے کے قرضے میں اضافے کو تحریک دینے میں بروقت پالیسی اقدام، سازگار cyclical movements، پست اور مستحکم مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اعتماد نے اہم کردار ادا کیا۔ خاص طور پر معینہ سرمایہ کاری قرضے، مالی سال 18ئ کی پہلی سہ ماہی میں مسلسل بارہویں مرتبہ بڑھے۔