فیصل آباد ایئرپورٹ کے بین الاقوامی ٹرمینل کی تعمیر موجودہ حکومت کا اہم اقدام ہے،بیرون ملک مسافروں کی گنجائش400 اور اندرون ملک 200 سے بڑھ جائے گی۔ ہفتہ میں آنے والی 118 فلائٹس کی تعداد بڑھ کر 200 سے بھی دوگنا ہوسکتی ہے۔ سیالکوٹ کی طرز پر فیصل آباد میں بھی انڈسٹریل سیکٹر کی جانب سے پرائیویٹ ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے تمام سہولیات فراہم کریںگے۔ مسلم لیگ (ن)کی حکومت کھوکھلے دعوؤں ،جھوٹے وعدوں کی بجائے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ توانائی کے بحران کے خاتمہ کیلئے بجلی ،گیس سمیت ریلوے و دیگر شعبہ جات میں بڑے بڑے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کیے جارہے ہیں

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 15:00

فیصل آباد۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت صنعت کاروں ، تاجروں ،کاروباری افراد ،درآمد و برآمد کنندگان اور شہریوں کو اعلیٰ معیار کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور اقوام کے درمیان فاصلے گھٹانے کیلئے ہوائی اڈوں کی استعداد کار میں توسیع کیلئے بھر پور اقدامات جاری ہیں جبکہ ڈیڑ ھ ارب روپے کی لاگت سے مقررہ مدت سے بھی کم وقت اور کم لاگت سے مکمل کیا جانے والا فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ بین الاقوامی ٹرمینل کا توسیعی منصوبہ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے جس کے افتتاح سے یہاں سے روانہ ہونے والے بیرون ملک مسافروں کی تعداد بڑھ کر 200 ہوجائے گی ۔

نیز یہاں امیگریشن سمندر پار پاکستانیوں ، کاروباری افراد ، بزرگ شہریوں اور فیملیز کو تمام ممکن سہولیات میسر آسکیں گی۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کی دوپہر فیصل آباد انٹرنیشل ایئرپورٹ کے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیے جانے والے بین الاقوامی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس سے ایئرپورٹ کی عمارت کا تعمیراتی رقبہ 36ہزار سے بڑھ کر 73 ہزار مربع فٹ ہوگیا ہے ۔

اس موقع پروزیر اعظم کے مشیربرائے ہوابازی سردار مہتاب عباسی، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سیکرٹری غلام رسول ساہی ، وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان،وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری، وزیرمملکت برائے توانائی چوہدری عابد شیرعلی،ایم این اے چوہدری شہبازبابر گجر، ایم این اے میاں فاروق، ایم پی اے نجمہ افضل، مدیحہ رانا،ایم پی اے میاں طاہر جمیل ،ڈویژنل وضلعی انتظامیہ افسران ، سول ایوی ایشن کے افسران اور قومی فضائی کمپنی کے اہم حکام سمیت صنعتی ، کاروباری ، تجارتی و دیگر اہم شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

وزیراعظم نے سردار مہتاب احمد عباسی اور سول ایوی ایشن کے حکام کو خراج تحسین پیش کیا جن کی کوششوں کے نتیجہ میں یہ منصوبہ مقررہ مدت سے بھی کم وقت اور کم لاگت میں مکمل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات تھی کہ جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا اس وقت ملک کا تیسرا بڑا صنعتی وکاروباری شہر بے پناہ مسائل کا شکار تھا جبکہ انڈسٹری کا مرکز ہونے کے باوجود یہاں صنعت دم توڑ رہی تھی حتی کہ 2015ء تک فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہفتہ میں صرف ایک یا دو پروازیں آتی تھیں لیکن حکومتی اقدامات اور بھر پور کوششوں سے اب یہ تعداد بڑھ کر 118 تک ہوچکی ہے جبکہ مستقبل قریب میں 200 سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پر بین الاقوامی معیاری انفراسٹرکچر ہوگا تو کئی دیگر ممالک کی ایئرلائنز بھی یہاں سے اپنی پروازوں کا سلسلہ شروع کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ کو مزید سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے اس لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی مزید انتظار کئے بغیر فوری باقی ضروری کام بھی شروع کرے کیونکہ کام شروع ہوگا تو یہاں سے خود بخود ٹریفک کی آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوجائے گا۔

وزیر اعظم نے پیشکش کی کہ اگر سیالکوٹ کی طرز پر فیصل آباد کے صنعتی و کاروباری افراد پرائیویٹ سیکٹر میں اپنا ایئرپورٹ تعمیر کرنا چاہیں تو حکومت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اس سلسلہ میں بھر پور تعاون اور تمام سہولیات فراہم کرے گی جس سے کاروباری افراد کو بھی درآمد و برآمد اور انٹرنیشنل ٹرانسپورٹریشن میں سہولت ہوگی اور ان کا بزنس بھی ترقی کر ے گا کیونکہ اگر سیالکوٹ ایئرپورٹ کامیاب ہوسکتا ہے تو فیصل آباد ایئرپورٹ کیوں نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق نہ صرف پاکستان کے ہر صوبہ میں ایئرپورٹس بنائے جارہے ہیں بلکہ پہلے سے موجود ہوائی اڈوں پر بھی عالمی معیارات کے مطابق سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بہترین بین الاقوامی فضائی سفری سہولیات دستیاب ہوں گی تو سرمایہ کار بھی اپنی آمدورفت بڑھائیں گے جس سے صنعتی ترقی اورکاروبارمیں اضافہ سمیت روزگار کے نئے مواقع ملنے سے غربت کے خاتمہ اور خوشحالی کے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیر اعظم خاقان عباسی نے کہا کہ ایئرپورٹ سے موٹروے تک لنک روڈ کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی اور اس منصوبہ کو بھی کم سے کم وقت میں بھی مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے بحران کے خاتمہ کے ہنگامی بنیادوں پر بجلی و گیس کے منصوبوں کی تکمیل اور ریلوے سمیت دیگر سیکٹرز میں بھی برق رفتاری سے میگا پراجیکٹ کو شروع اور ریکارڈ مدت میں مکمل کر رہی ہے جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کام موجودہ حکومت نے اپنے حالیہ ساڑھے چار سالوں میں کئے ہیں اس کی 65 سالہ ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کھوکھلے اور جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتی اور عوام کی فلاح و بہبودکیلئے عملی اقدامات جاری و ساری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوامی مسائل کے حل اور قومی ترقی سمیت ملک میں خوشحالی کا دور دورہ ہو۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مخالفین کی تمام تر کاوشوں اور تمام تر رکاوٹوں کے باوجود حکومت عوامی خوشحالی کا سفر جاری رکھے گی اور آئندہ عام انتخاب میں اسے کارکردگی کی بنیادپر کامیابی حاصل ہوگی ۔ آخر میں انہوں نے ایک بار پھر انتہائی کم وقت میں یہ عظیم الشان منصوبہ مکمل کرنے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں ایسے دیگر توسیعی منصوبوں کیلئے بھی بھرپورتعاون کا یقین دلایا ۔ قبل ازیں نئے تعمیر کئے گئے بین الاقوامی ٹرمینل کے افتتاح کے بعد وزیراعظم نے ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں کے امور کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔