نوازشریف کی محبت عوام کے دلوں سے نکالنے کی اپوزیشن کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی، راجہ فیصل زمان

ہفتہ 20 جنوری 2018 14:21

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) رکن صوبائی اسمبلی راجہ فیصل زمان نے کہا ہے کہ نوازشریف کی محبت عوام کے دلوں سے نکالنے کی اپوزیشن کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہو گی، نواز شریف عوام کے دلوں میں بستا ہے۔ اہلیان ہزارہ سے نواز شریف کی محبت کے ثبوت میگا پراجیکٹس کی صورت میں سب کے سامنے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے تاریخی منصوبوں کو فراموش کروانے کی کوشش میں اپوزیشن کبھی بھی کامیاب نہیں ہو گی، کھلابٹ جلسہ ہری پور کی سیاست میں سیاسی بھونچال ثابت ہو گا۔

ہفتہ کو یہاں جلسہ گاہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر مسلم لیگ (ن) کے تاریخی منصوبوں کو فراموش کرانے کی کوشش میں مصروف عمل ہیں، پوری منصوبہ بندی کے ساتھ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کی محبت عوام کے دلوں سے نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم ایسے افراد کے ہاتھ کو سوائے ناکامی کے کچھ نہیں آئے گا۔

(جاری ہے)

راجہ فیصل زمان نے کہا کہ ہری پور جلسہ سیاسی بھونچال لیکر آئے گا جو منفی پراپگینڈہ کرنے والے چھوٹی سوچ کے مالک سیاستدانوں کے ناپاک عزائم پر پانی پھیر دے، جلسہ گاہ میں ابھی سے لوگوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، سڑکوں پر بھی لیگی متوالوں کا جنون نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہری پور کا جلسہ مخالفین کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔ مسلم لیگ (ن) کے خاتمہ کے خواب دیکھنے والوں کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں۔