حاجی فوئیداد کی اچانک وفات بڑا المیہ ہے، مانسہرہ اچھے انسانی سے محروم ہو گیا، سردار محمد یوسف

ہفتہ 20 جنوری 2018 14:21

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حاجی فوئیداد انسان دوست شخصیت کے مالک تھے جن کی اچانک وفات بڑا المیہ ہے، اپنی زندگی غریب اور مظلوم عوام کی خدمت کیلئے وقف کر دی تھی۔ وہ ہفتہ کو چند دن قبل سعودی عرب میں انتقال کرنے والے سابق ناظم ہلکوٹ سردار شاہ قبول کے بڑے بھائی حاجی فوئیداد کے نماز جنازہ کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق ممبر قومی اسمبلی پرنس محمد نواز خان الائی، ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام، رکن صوبائی اسمبلی وجیہہ الزمان خان، محمد ضیاء الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ آج حاجی فوئیداد (مرحوم) کے نماز جنازہ میں عوامی سیلاب نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ کس کردار کے مالک تھے۔ مرحوم نے نہ صرف ہلکوٹ بلکہ پورے ملک کے عوام کی خدمت بغیر کسی لالچ کے کی اور آج یہی وجہ ہے کہ پورے ہزارہ کے کونے کونے سے عوام سیاسی و سماجی لوگوں کا سیلاب ان کے آخری دیدار کیلئے امڈ آیا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پورا ضلع مانسہرہ ایک اچھے انسان سے محروم ہو گیا ہے۔