شرافت کی سیاست ہمارا اور ہمارے قائد کا شیوہ ہے، نوازشریف عوام کے دلوں میں بس رہے ہیں، قاضی اسد

ہفتہ 20 جنوری 2018 14:21

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) سابق صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن قاضی محمد اسد نے کہا ہے کہ شرافت کی سیاست ہمارا اور ہمارے قائد کا شیوہ ہے، بلاتفریق عوامی مفادات کا تحفظ ہمارا نصب العین ہے، ہم عوام کے دلوں میں جگہ چاہتے ہیں، ہم انتقامی اور نفرت کی سیاست نہیں کرتے۔ ہفتہ کو یہاں کرٹس گرائونڈ کھلابٹ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء میں ہماری جماعت بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) اس سے قبل بھی عوامی خدمات کے کارہائے نمایاں انجام دے چکی ہے، عوامی ضروریات کے کام خصوصاً نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے فارمولہ پر ہماری جماعت عمل پیرا ہے۔ قاضی اسد نے کہا کہ نواز شریف کا آج کا تاریخی جلسہ مخالفین کی توقعات پر پانی پھیر دے گا، محمد نواز شریف نے ہری پور کے عوام کو وعدہ کے مطابق ہزارہ موٹر وے، سوئی گیس اور بجلی کے منصوبہ جات کے دیرینہ مطالبات تحفے میں دیئے جس سے علاقہ میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین عملی کام سے زیادہ دکھاوا اور پراپیگنڈہ کے فارمولے پر گامزن ہیں، مستقبل قریب میں انہیں عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا اور آئندہ انتخابات میں بھرپور شکست سے دوچار ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :