فیصل آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کا بروقت اورکم سے کم خرچ میں مکمل کیا جانا قابل تعریف ہے، وزیراعظم

فیصل آباد ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے قومی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونگے، ایوی ایشن کے سہولیات کی فراہمی سے فضائی ٹریفک میں خود بخود اضافہ ہوتاجائے گا،ہفتے میں چند پروازوں والے فیصل آباد ایئرپورٹ پر موجودہ دور حکومت میں پروازوں کی تعداد ایک ہفتے میں 118 تک بڑھ چکی ہے،گذشتہ پانچ سال میں کئے جانے والے ترقیاتی کام 65 سالوں میں بھی نہ ہوسکے تھے، ہم نے ملک بھرمیں موٹرویز اور ایئرپورٹس کے کئی منصوبوں پرکام کیا ہے جبکہ بندرگاہوں پر سہولیات میں اضافہ کیلئے بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے،بجلی، گیس اور ریلوے کے مختلف منصوبوںپربھی کام ہورہا ہے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاہفتہ کوفیصل آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کے افتتاح کے موقع پر خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 13:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کا بروقت اورکم سے کم خرچ میں مکمل کیا جانا قابل تعریف ہے، ایوی ایشن کے سہولیات کی فراہمی سے فضائی ٹریفک میں خود بخود اضافہ ہوتاجائے گا،ہفتے میں چند پروازوں والے فیصل آباد ایئرپورٹ پر موجودہ دور حکومت میں پروازوں کی تعداد ایک ہفتے میں 118 تک بڑھ چکی ہے،گذشتہ پانچ سال میں کئے جانے والے ترقیاتی کام 65 سالوں میں بھی نہ ہوسکے تھے، ہم نے ملک بھرمیں موٹرویز اور ایئرپورٹس کے کئی منصوبوں پرکام کیا ہے جبکہ بندرگاہوں پر سہولیات میں اضافہ کیلئے بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے،بجلی، گیس اور ریلوے کے مختلف منصوبوںپربھی کام ہورہا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ہفتہ کوفیصل آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مشیر ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان کی قیادت میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصل آباد کا جدید ترین ایئرپورٹ وقت پر اورکم سے کم خرچ میں مکمل کیا ہے جو قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری بدقمستی تھی کہ جب یہ حکومت برسراقتدار آئی تو پاکستان کے تیسرے بڑے شہر اور صنعتی مرکز میں ایئرپورٹ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں اور2015ء میں ہفتے میں صرف چند پروازیں فیصل آباد ایئرپورٹ پر آتی تھیں، اب ان پروازوں کی تعداد ایک ہفتے میں 118 تک بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ابتداء ہے، ان پروازوں میں مزیداضافہ ہوگا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایوی ایشن کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد ورفت میں مزیداضافہ کے پیش نظر توسیع کی ضرورت پڑے گی اور ایوی ایشن اس توسیع کے حوالہ سے آج ہی کام شروع کردے۔ انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن جب سہولیات فراہم کرے گی تو فضائی ٹریفک میں خود بخود اضافہ ہوتاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہفتے کے دوران چند فلائیٹوں سے تعداد 118 تک بڑھ چکی ہے اور اس حوالہ سے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل جب فیصل آباد میں کار پلانٹ کا افتتاح کیا گیا توصنعتی رہنمائوں نے کہا تھا کہ ہم سیالکوٹ کی طرز پرفیصل آباد میں بھی پرائیویٹ ایئرپورٹ بنانا چاہتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ اگر سیالکوٹ میں پرائیویٹ ایئرپورٹ کامیاب ہوسکتا ہے تو پھر فیصل آباد میں بھی کامیاب ہوسکتا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ فیصل آباد میں پرائیویٹ ایئرپورٹ کے قیام کیلئے صنعتی قائدین اپنا کردار ادا کریں اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اورحکومت بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ حکومت کا خاصا ہے اور محمد نواز شریف کا وژن ہے جس کے تحت گذشتہ پانچ سال میں اتنے کام کئے گئے جو 65 سالوں میں بھی نہ ہوسکے تھے، ہم نے ملک بھرمیں موٹرویز اور ایئرپورٹس کے کئی منصوبوں پرکام کیا ہے جبکہ بندرگاہوں پر سہولیات میں اضافہ کیلئے بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، اسی طرح بجلی، گیس اور ریلوے کے مختلف منصوبوںپربھی کام ہورہا ہے ان منصوبوں کی فہرست بڑی طویل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں ہماری سول ایوی ایشن دنیا کی لیڈر تھی اور امید ہے کہ سول ایوی ایشن اپنی قیادت برقرار رکھتے ہوئے ہوا بازی کے شعبہ کی ترقی کیلئے کام کرے گی اور وسائل سے بھرپور استفادہ کرکے ترقی کے نئے اہداف کئے جائیں گے۔وزیراعظم نے منصوبے پرکام کرنے والوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سول ایوی ایشن دنیا بھرمیں صنعتی لیڈر کے طور پر سامنے آئے گی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ محمد نواز شریف نے جب فیصل آباد کا دورہ کیا تھا تو انہوں نے ایئرپورٹ سے لے کر موٹروے تک سڑک کے منصوبے کی منظوری دی تھی جو جلد از جلد مکمل کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) وہ جماعت ہے جو کھوکھلے وعدے نہیں کرتی بلکہ ترقیاتی منصوبے شروع کرکے انہیں مکمل بھی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1.5 ارب روپے کی لاگت سے تعمیرہونے والے فیصل آباد ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے قومی معیشت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہونگے جو سب دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ٹرمینل کے توسیعی منصوبے کا کام مکمل کرلیا ہے اور بین الاقوامی مسافروں کی سہولت کیلئے چار نئے کائونٹرز تعمیرکئے گئے ، توسیعی منصوبے کی تکمیل سے ہوائی اڈے کی عمارت کا رقبہ 36ہزار سے بڑھ کر73ہزار مربع فٹ ہوگیا ہے، توسیعی منصوبے کی تکمیل سے اب اندرون ملک مسافروں کی گنجائش 200 تک پہنچ گئی ہے جبکہ بیرون ملک مسافروں کی گنجائش400تک ہے جن کیلئے 12 کائونٹرز قائم کئے گئے ہیں۔

انٹرنیشنل ٹرمینل کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب میں مشیر ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان، وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان، وزیرمملک برائے ٹیکسٹائل حاجی محمد اکرم انصاری سمیت ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ حکام اور صنعتی شعبہ سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔