پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلی سطح کا وفد مختلف یورپی ممالک کے 12 روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا

وفد نے فرنیچر کی صنعت میں نئی مارکیٹوں کی تلاش، موجودہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے اپنے ملاقاتیں کیں

ہفتہ 20 جنوری 2018 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلی سطح کا وفد جرمنی، پرتگال، آسٹریا، سپین اور اٹلی سمیت مختلف یورپی ممالک کے 12 روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گیا۔ دورے کے دوران وفد نے فرنیچر کی صنعت میں نئی مارکیٹوں کی تلاش، موجودہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور کاروباری روابط کے فروغ کیلئے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔

دورے سے واپسی کے بعد ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس دورے سے وفد کو مستقبل کی پالیسیوں کی تیاری، بزنس سٹڈی اور کاروبار کو فروغ دینے کیلئے نئے رجحانات سے آگاہی کے مواقع ملے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے وسیع امکانات موجود ہیں اور پاکستانی کاروباری برادری کو یورپی مارکیٹ میں اپنی مسابقت کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین دنیا میں سب سے بڑی معیشت ہے اور 500 ملین صارفین کی اس مارکیٹ کا جی ڈی پی 25 ہزار یورو فی کس ہے۔ مزید یہ کہ یورپی مارکیٹ ترقی پذیر ممالک کے لئے سب سے زیادہ اوپن ہے اور اس کی ترقی پذیر ممالک سے امپورٹس امریکہ، کینیڈا، جاپان اور چین کی مجموعی درآمدات سے بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین اور پاکستان کو باہمی تعاون کے لئے مزید شعبوں کی شناخت کرنی چاہئے اور باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے زیادہ قابل تجارت اشیاء متعارف کرانے اور یورپ اور پاکستان کے تاجروں کے لئے ویزا پالیسی کو اوپن کرنے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں کاروباری آسانیاں حاصل ہو سکیں۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ جرمنی، اٹلی اور ہسپانوی فرنیچر کمپنیوں نے پاکستانی مارکیٹ میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور پاکستانی تاجروں سے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کویورپی یونین میں سپین اور جرمنی کے بہترین جغرافیائی محل وقوع کا بھر پور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھانے والے تمام ممالک کو برآمدات میں اضافہ کرنے کی بہترین صلاحیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری کا مقصد صرف برآمدات بڑھانا نہیں بلکہ ہم برطانیہ، جرمنی، سپین، آسٹریا، پرتگال اور فرانس کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے تجارت کا فروغ ممکنہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کی فرنیچر مصنوعات کی پیداوار تقریبا 5200 ملین یورو ہے۔ اٹلی یورپ میں فرنیچر کا بڑا فرنیچر پروڈیوسر، ایکسپورٹر اور کنزیومر جبکہ جرمنی سب سے بڑا پروڈیوسر اور اس کے خام مال کا امپورٹرہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یورپ میں مناسب طریقے سے نئی منڈیاں تلاش کی جائیں تو پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :