اصل اسٹیج ڈرامہ حقیقت میں کہیں گم ہوچکا ،صرف رقص کی مقابلے بازی کا رحجان فروغ پارہا ہے ‘ حسن مراد

جس دور میں اسٹیج ڈرامہ کرنے کیلئے آیا اس وقت ڈرامہ پروڈیوسر کو ریہرسل میں بیٹھنے کی اجازت بھی نہیں ہوتی تھی

ہفتہ 20 جنوری 2018 12:31

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2018ء) سینئر اداکار حسن مراد نے کہا ہے کہ اصل اسٹیج ڈرامہ حقیقت میں کہیں گم ہوچکا ہے اور آ ج اسٹیج ڈرامے کے نام پر رقص کی مقابلے بازی کا رحجان فروغ پارہا ہے ۔ انہوں نے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جس دور میں اسٹیج ڈرامہ کرنے کیلئے آیا تو اس وقت صرف ڈرامہ کی کاسٹ ریہرسل کیا کرتی تھی جبکہ ڈرامہ پروڈیوسر کو ریہرسل میں بیٹھنے کی اجازت بھی نہیں ہوتی تھی مگر پھر حالات کی ستم ظریفی بھی دیکھی کہ ڈرامہ پرڈیوسر ،رائٹر اورڈائریکٹر بھی بن گیا جبکہ اس کو اسٹیج ڈرامے کی الف ب کا علم بھی نہیں تھا ۔

آ ج بھی ایسے ڈرامہ ڈائریکٹر اورپروڈیوسر موجود ہیں جو اسٹیج ڈرامے کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میرے استاد جمیل بسمل تھے جنہوںنے مجھے تھیٹر میں متعارف کروایا اور میں اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ ان کو دیتا ہوں ۔حسن مراد نے کہاکہ لابنگ پر یقین نہیں رکھتا بلکہ اپنی مرضی کا مالک ہوں اور جہاں اچھا کردار ملتا ہے وہاں اسٹیج ڈرامہ کرنے کو ترجیح دیتا ہوں ۔

انہوںنے کہاکہ نجی ٹی وی چینل سے مزاحیہ شوسے میری پہچان پورے پاکستان میںپھیل چکی ہے ،ٹی وی ایک بڑا سکوپ رکھتا ہے جس کے ذریعے کسی بھی فنکار کو جلد ملک گیر شہرت حاصل ہوتی ہے اور اس کے ساتھ پرنٹ میڈیا کا کردار بھی نمایا ںہے جو فنکاروں کو پرموٹ کرتا ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔