ایس ایس ٹیز اساتذہ کا مطالبات کے حق میں ہری پور پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 20 جنوری 2018 12:12

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) ایس ایس ٹیز ویلفیئر ایسوسی ایشن تحصیل خان پور اور ہری پور کے زیراہتمام ایس ایس ٹیز اساتذہ نے اپنے مطالبات کے حق میں ہری پور پریس کلب کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تمام ایس ایس ٹیز اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ اساتذہ کے ہاتھوں میں بینزز تھے جن پر اساتذہ کو ان کے جائز حقوق دینے کے حق میں نعرے درج تھے۔

پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے صدر عمران خان جدون، جنرل سیکرٹری تیمور خان، ایبٹ آباد سے زبیر علی، ذوالفقار احمد، عثمان قریشی، اے ڈی او اسٹیبلشمنٹ ذوالفقار خان اور دیگر اساتذہ رہنمائوں ازرم خان جدون، ملک حفیظ، حافظ شیراز خان، عماد اعجاز، شیخ واجد حسین اور دیگر نے کہا کہ عدالتی فیصلے اور صوبائی اسمبلی کی منظور قرارداد کے مطابق انہیں اپ گریڈیشن اور ٹائم سکیل دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کتنے افسوس کا مقام ہے کہ عدالت عالیہ کے فیصلے اور صوبائی اسمبلی کی قرارداد کے باوجود صوبہ بھر کے ایس ایس ٹیز اساتذہ کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور آج صوبہ بھر کے اساتذہ سراپا احتجاج بن کر سڑکوں پر ہیں۔ جس معاشرہ میں استاد ذہنی و معاشی طور پر خوشحال اور آسودہ حال نہیں ہو گا وہاں تعلیمی ترقی کیسے آئے گی۔

انہوں نے اس امر پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ جب اسمبلی ممبران کی مراعات میں اضافہ کا وقت آتا ہے تو بیک جنبش قلم ان کی مراعات میں اضافہ کر دیا جاتا ہے اور جو لوگ تعلیمی اداروں میں نئی قوم تیار کر رہے ہیں ان کو ان کے جائز حق سے بھی محروم رکھا جائے یہ کہاں کا انصاف ہے۔ انہوں نے اپنے افسران سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کے حق کی جنگ میں ان کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاجی تحریک پورے صوبہ میں جاری رہے گی۔