ضلع کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، متعدد میگا پراجیکٹس پر کام جاری ، یوسف ایوب خان

ہفتہ 20 جنوری 2018 12:12

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان نے کہا ہے کہ ضلع کی تاریخ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں، اربوں کے منصوبے مکمل جبکہ متعدد میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جس کی تکمیل سے تعمیراتی انقلاب برپا ہو گا، جیل روڈ کی بندش کے بعد مقامی آبادی کی مشکلات کے پیش نظر واپڈٖا آفس تا جہاز چوک 40 فٹ روڈ کا کام 2 کروڑ روپے کی لاگت سے اگلے ہفتے شروع ہو جائے گا۔

وہ ہفتہ کو سابق چیئرمین ارشاد خان مرحوم کی رہائش گاہ پر ان کے فرزند نوجوان سیاسی و سماجی شخصیت نادر خان کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحصیل ناظم طارق خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین محمد ارشاد خان مرحوم کے فرزند نادر خان نے آئندہ انتخابات میں یوسف ایوب خان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے علاقہ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

یوسف ایوب خان نے اس موقع پر کہا کہ ہری پور سٹی میں سب سے زیادہ فنڈنگ یونین کونسل جنوبی کی ترقیاتی سکیموں کیلئے ہوئی ہے جس کی بدولت پانچ ٹیوب ویل، کروڑوں کی لاگت سے سڑکیں اور گلیاں پختگی، بچیوں کیلئے ہائی سکول، قبرستان کی جگہ سمیت دیگر سکیمیں مکمل کر چکے ہیں، ایک کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمن-ٹ ہائی سکول سنٹرل جیل میں امتحانی ہال اور چار کمروں کی تعمیر کی سکیم بھی منظور ہو چکی ہے، ٹی ایم اے میں 7 سال سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 25 ملازمین مستقل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر ملازمین بھی عنقریب مستقل کر دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :