ہزارہ ڈویژن کے طول و عرض میں شدید خشک سالی کے باعث متعدی امراض پھوٹ پڑے

ہفتہ 20 جنوری 2018 12:11

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) ہزارہ ڈویژن کے طول و عرض میں چند ماہ سے شدید خشک سالی کے باعث متعدی امراض پھوٹ پڑے، نزلہ، زکام، بخا ر اور دیگر بیماریوں سے مقامی آبادی شدید متاثر ہوئی ہے، اس کے ساتھ ساتھ بارش نہ ہونے کی وجہ بلین ٹری فاریسٹیشن کے تحت کی گئی شجر کاری بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

نوخیز پودہ جات خشک ہونا شروع ہو گئے ہیں، اس خشک سالی کی بدولت یہاں کے کاشتکار ابھی تک کسی فصل کی بوائی بھی نہیں کر سکے اور سالوں سال بہنے والے چشمے اور واٹر سورس بھی خشک ہو چکے ہیں۔

محکمہ جنگلات کے اہلکار ان پودہ جات کو اپنے طور پر بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں مگر بارش نہ ہونے کی وجہ سے ان پودہ جات کا کوئی پرسان حال نہیں۔ زمین کی خشکی کی وجہ سے ہر نیا پودہ جو زمین میں لگایا جاتا ہے خشک ہو رہا ہے، محکمہ جنگلا ت کے ملازمین نے ہزارہ کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ باران رحمت کیلئے دعا کریں۔