کامسیٹس ایبٹ آباد میں سیشن سپرنگ 2018ء کیلئے سکالر شپ کا اعلان کر دیا گیا

ہفتہ 20 جنوری 2018 12:11

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) کامسیٹس ایبٹ آباد میں سیشن سپرنگ 2018ء کیلئے سکالر شپ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سکالر شپ سے ایف اے /ایف ایس سی و دیگر امتحانات میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات بھرپور استفادہ حاصل کر سکتے ہیں، سکالر شپ کا مقصد علاقہ بھر کے ہونہار طلب علموں کو کامسیٹس جیسے بین الاقوامی ادارے تک رسائی بہم پہنچاناہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامسیٹس پروفیسر ڈاکٹر اشد پرویز نے بتایا کہ کامسیٹس ایبٹ آباد نے ہونہار طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کیلئے ایک خصوصی پیکج ڈیزائن کیا ہے جس کے مطابق تعلیمی امتحانات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو فیسوں میں چھوٹ دی جائے گی تاکہ وہ کامسیٹس میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کا نا م روشن کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ کامسیٹس خیبر پختونخوا میں واحد ادارہ ہے جس میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کے علاوہ بین الاقوامی معیار کی لیبارٹریاں اور ایکوپمنٹس میسر ہیں۔ یاد رہے کہ کامسیٹس میں سیشن سپرنگ 2018ء میں داخلوں کیلئے فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 25 جنوری 2018ء جبکہ داخلوں کیلئے ٹیسٹ 4 فروری 2018ء کو ہو گا اور کلاسیں 5 مارچ کو شروع ہوں گی۔ کامسیٹس یونیورسٹی میں تمام سہولیات سے آراستہ طلبہ و طالبات کیلئے علیحدہ علیحدہ ہاسٹلز کی سہولیات بھی میسر ہیں۔