نقیب اللہ محسود کیں:ایس ایس پی ملیر راﺅ انورکو عہدے سے ہٹا دیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 20 جنوری 2018 11:27

نقیب اللہ محسود کیں:ایس ایس پی ملیر راﺅ انورکو عہدے سے ہٹا دیا گیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جنوری۔2018ء)نقیب اللہ محسود کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے الزام میں ایس ایس پی ملیرراﺅ انوار کو عہدے سے ہٹادیاگیا ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی نے نقیب اللہ محسود پرراﺅانوارکے الز امات کو مسترد کرد یا ہے جبکہ نقیب اللہ کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی نہیں ملے۔نجی ٹی وی کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی نے نقیب اللہ محسود کو بے گناہ مانتے ہوئے راﺅ انوار کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی ہے ۔

دوسری جانب راﺅ انورنے ڈی آئی جی سلطان خواجہ پر ہی تحفظات ظاہر کر دئیے ہیں راﺅ انوار کا کہنا ہے کہ وہ مقابلے کے بعد پہنچے تھے اورسلطان خواجہ نے ایس ایچ او شاہ لطیف کو بلا کر کہا تم بیان دو ہم تمہیں بچالیں گے۔

(جاری ہے)

نقیب محسود کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے حوالے سے تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی ثناءاللہ عباسی نے کہا تھا کہ تحقیقات سے متعلق عبوری رپورٹ سندھ حکومت اور آئی جی سندھ کو ارسال کردی گئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عبوری رپورٹ میں نقیب محسود کے خلاف دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے جبکہ پولیس مقابلے کو بھی مشکوک قرار دیا گیا ہے، رپورٹ میں راﺅ انوار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی ہے۔ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایس ایس پی راﺅ انوار کے خلاف تحقیقاتی رپورٹ حکومت سندھ کو ارسال کر دی گئی ہے، رپورٹ میں راﺅ انوار اور دیگر اہل کاروں کےخلاف مقدمہ درج کرنے سمیت راﺅانوار کو عہدے سے ہٹانے اور گرفتار کرنے کے ساتھ راﺅ انوار کا نام ای سی ایل میں بھی ڈالنے کی سفارش کی گئی تھی۔