مسلم لیگ (ن) کی موجودہ جمہوری حکومت آزادی اظہار کے بنیادی اور آئینی حق پر مکمل یقین رکھتی ہے، ملک میں آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی،حکومت صحافیوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے

وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب کی اے پی این ایس کے وفد سے گفتگو

ہفتہ 20 جنوری 2018 00:30

ْ اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ جمہوری حکومت آزادی اظہار کے بنیادی اور آئینی حق پر مکمل یقین رکھتی ہے اور وہ ملک میں آزاد اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کرنے والے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آزاد میڈیا اورجمہوریت ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے تاکہ صحافی اپنی ذمہ داریاں پیشہ وارانہ تقاضوں کے مطابق پوری کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ سیفٹی اینڈ سیکورٹی بل پائپ لائن میں ہے جو صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

ملاقات میں ویج بورڈ ایوارڈ، اشتہارات کے نرخوں پر نظرثانی، اشتہارات کا ریجنل کوٹہ، آڈٹ بیورو آف سرکولیشن کی آٹومیشن اور واجب الادا بقایا جات سمیت مختلف مسائل پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وفد نے صحافتی صنعت کو سہولیات فراہم کرنے میں وزارت کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و نشریات، پرنسپل انفارمیشن آفیسر پی آئی ڈی، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ، عمر مجیب شامی سیکرٹری جنرل اے پی این ایس، ڈاکٹر تنویر اے طاہر ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی این ایس، رمیزہ ماجد نظامی ممبر اے پی این ایس، ممتاز اے طاہر ممبر اے پی این ایس، خوشنود علی خان ممبر اے پی این ایس، مجیب الرحمان شامی اور حمید ہارون بھی موجود تھے۔