نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب تربیتی نشست کا مقصد تربیت لینے والوں میں شعور کو اجاگر کرنا ہے۔کمشنر سکھر ڈویژن

جمعہ 19 جنوری 2018 23:40

سکھر۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پراوونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کے مشترکہ تعاون سے پی ڈی ایم اے ریجنل آفس سکھر میں ملٹی سیکٹر انیشیل ریپڈ اسسمنٹ کے حوالے سے ٹریننگ دینے کے لئے دو روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا ۔ تربیتی نشست کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے این ڈی ایم اے کی جانب سے اس تربیتی نشست کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی نشست کا مقصد تربیت لینے والوں میں شعور کو اجاگر کرنا ہے کہ قدرتی آفات کی صورت میں کس طرح متاثرہ علاقوں کے نقصانات کا جائزہ اور سروے لے کر ابتدائی اور مستند معلومات حاصل کی جائیں جو متعلقہ اداروں کے لئے منصوبہ بندی میں معاون ثابت ہوسکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو اور مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ قدرتی آفات دو طرح کی ہوتی ہیں ایک قدرتی اور دسری حادثاتی آفتیں ہوتی ہیں اس لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور پراوونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جائزہ لینا کہ کونسی آفتیں ہمارے علاقے میں آسکتی ہیں جس کے لیے ہمیں پہلے سی ہی ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے اور کونسی این جی اوز ہمیں کس جگہ پر کام آسکتی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اور صوبائی اداروں یہ کام ہے کہ جب بھی آفتیں واقع آئیں تو ان کس طرح نمٹا جائے اور آفتوں کے بعد لوگوں کو کس طرح مدد کی جائے ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ان تربیتی نشستوں کا انعقاد ملک کے آٹھ شدید متاثرہ اضلاع میں کیا گیا جن میں مظفر گڑھ، مظفر آباد،راجن پور ، سوات، کراچی ، سکھر ، تھرپارکر اور کوئٹہ شامل ہیں۔ تربیتی پروگرام میں اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی علی رضا انصاری اور متعلقہ محکموں کے سرکاری افسران اور این جی اوز کے عملداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی بعد میں تربیت سیشن میں حصہ لینے والوں میں تعارفی سرٹفیکٹ تقسیم کئے گئے ۔