کرکٹ کے بعد ورلڈ ہاکی الیون ٹیم پاکستان آئی ہے، کھیل کے میدان آباد ہو گئے ہیں

پی ایس ایل کا فائنل بھی کراچی میں کھیلا جائے گا وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی ورلڈ ہاکی الیون اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے مابین میچ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 19 جنوری 2018 23:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کرکٹ کے بعد ورلڈ ہاکی الیون ٹیم پاکستان آئی ہے، کھیل کے میدان آباد ہو گئے ہیں، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل بھی کراچی میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے جمعہ کو یہاں عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں ورلڈ ہاکی الیون اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے مابین میچ کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد ایس کھوکھر، سیکریٹری شہباز احمد سینئر اور دیگر اعلیٰ شخصیات بھی موجود تھیں۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قومی کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہئے، کرکٹ کے بعد اب ہاکی کے میدان بھی آباد ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں تھی، وفاقی حکومت کی کوششوں سے کراچی کے حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے اس وقت ہمارا ہاتھ تھاما جب کوئی بھی ساتھ دینے کو تیار نہیں تھا، سی پیک کے ذریعے پاکستان کے معاشی حالات مزید بہتر ہو رہے ہیں۔ ایس ایس پی رائو انوار کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ سندھ حکومت نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں، ہمیں تحقیقاتی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہاکی کے میدان آباد ہو گئے ہیں اور حکومت سندھ مکمل تعاون کے لئے تیار ہے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا ورلڈ الیون اور قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔