بلو چستان کے وسائل کو ترقی دیئے بغیر خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

قدرت نے ہمیں بے پناہ وسائل سے نوازا ہے جنہیں برئوے کار لاکر صوبے اور عوام کی خوشحالی کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے صوبے کی معدنیات کو صحیح معنوں میں استعمال میں لانے کی جامع پالیسی مرتب کی جائے گی کانکنی کی صنعت کو ضروری سہولتیں فراہم کرکے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔، میر عبدالقدوس بزنجو

جمعہ 19 جنوری 2018 23:05

بلو چستان کے وسائل کو ترقی دیئے بغیر خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلو چستان کے وسائل کو ترقی دیئے بغیر خود انحصاری کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی ہے۔ قدرت نے ہمیں بے پناہ وسائل سے نوازا ہے جنہیں برئوے کار لاکر صوبے اور عوام کی خوشحالی کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ صوبے کی معدنیات کو صحیح معنوں میں استعمال میں لانے کی جامع پالیسی مرتب کی جائے گی کانکنی کی صنعت کو ضروری سہولتیں فراہم کرکے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کول مائینز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے رکن صوبائی اسمبلی سردار صالح محمد بھوتانی کی قیادت میں جمعہ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء پرنس علی احمد بلوچ اور اکبر آسکانی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کان کنی کی صنعت کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بحثیت وزیر اعلیٰ ان کی کوشش ہے کہ تمام شعبوں کی بہتری کے لئے فوری اور موثر اقدامات پر عملدرآمد کا آغاز کیا جائے۔

ہمارے پاس وقت اور وسائل کم جبکہ مسائل زیادہ ہیں تاہم دستیاب وقت اور وسائل کو بھرپور طریقے سے برئوے کار لاکر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ کوئلہ کان مالکان کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ کان کنی کے علاقوں سے مارکیٹ تک رسائی کے لئے مجوزہ سڑکوں کی تعمیر کا جائزہ لیا جائے گا۔ کان کنی کی صنعت پر عائد جنرل سیلز ٹیکس میں کمی کے حوالے سے متعلقہ محکمے سے رپورٹ طلب کی جائے گی اور کول واشنگ پلانٹ کی تنصیب کے منصوبے کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خام معدنی پیداوار کو ویلیو ایڈڈ کرنے سے نہ صرف کان کنوں کو فائدہ ہوگا بلکہ صوبے کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔

متعلقہ عنوان :