کراچی میں آپریشن کے باوجود بھتہ خوری ودیگر جرائم اپنے عروج پر ہیں،ممتاز سہتو

،نقیب اللہ مسعود کے معاملے پر عدالت کا ازخود نوٹس خوش آئند بات ہے تاہم راؤ انوار کے تمام پولیس مقابلوں کی تحقیقات ہونی چاہئیے

جمعہ 19 جنوری 2018 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتونیکہا ہے کہ کراچی میں آپریشن کے باوجود بھتہ خوری ودیگر جرائم اپنے عروج پر ہیں لیکن آج تک کوئی بھی نامی گرامی ڈاکو یا دہشتگرد نہیں پکڑا گیا مگر آئے روز بے گناہ لوگوں کا جعلی پولیس مقابلوں کے ذریعے قتل عام کیا جارہا ہے،عدالت اعظمیٰ کا ازخود نوٹس خوش آئند بات ہے تاہم راؤ انوار کے تمام پولیس مقابلوں کی تحقیقات ہونی چاہئے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ نقیب مسعود سمیت اب تک ہونے والے مشتبہ جعلی پولیس مقابلوں کی شفاف تحقیقات کرکے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے،اگر کسی پر شک شبہ بھی ہو تو جعلی مقابلے میں قتل کرنے کی بجائے انصاف وقانون کے تقاضے پورے کئے جائیں،راؤ انوار کے تمام پولیس مقابلوں میں ہمیشہ مشتبہ دہشتگرد مارے جاتے ہیں لیکن یہ کیسی بات ہے کہ کسی پولیس والے کو آج تک خراش بھی نہیں آئی،آج تک راؤ انوار کے ہاتھوں مارے گئے تمام افراد کے بارے میں کبھی بھی اصل حقائق سامنے نہیں لائے گئے،راو انوار کو سوچنا چاہئے کہ اس کا دنیا کے ساتھ یوم آخرت میں بھی حساب دینا ہوگا،اللہ کے ہاں دیر ہے مگر اندھیر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے پاور فل آئی جی اے ڈی خواجہ پر نقیب اللہ مسعود سمیت تمام راؤ انوار کے ہاتھوں مارے گئے بے گناہ افراد کا خون قرض ہے،وہ شفاف تحقیقات کرکے بے گناہ افراد کے لواحقین کو انصاف دلائیں،آصف علی زرداری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے کو انصاف دلانے کیلئے تحریک چلانے کی ساتھ ساتھ راؤ انوار کے ہاتھوں مارے گئے بے گناہ افراد کو بھی انصاف دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے نقیب اللہ مسعود کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :