لاہور ہائیکورٹ اور جوڈیشری آف انگلینڈ کے مابین باہمی تعاون کا سمجھوتہ طے پاگیا

سمجھوتے سے پاکستان اور برطانیہ میں عدالتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملی گی، جسٹس سید منصور علی شاہ

جمعہ 19 جنوری 2018 22:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) لاہور ہائیکور ٹ اور ر جوڈیشری آف انگلینڈ کے مابین باہمی تعاون کا سمجھوتہ طے پاگیاہے ۔ پنجاب ہاوس اسلام آباد میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ ، سینئر جج لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ جسٹس مامون رشید کی موجود گی میں رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ سیدخورشید انور رضوی اور برٹش ہائی کمشن کی ہیڈ آف رول آف لاء سوسن لوہیڈ نے یوکے ایڈ کے دیگر نمائندوں ریچریاٹس اور سائمن چارٹرز کے ہمراہ باہمی تعاون کی یاداشت کا تبادلہ کیا۔

تقریب میں ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ مرزا عبدالحفیظ، ڈائریکٹر زڈسٹرکٹ جوڈیشری اکمل خان، شاہد شفیع نے بھی شرکت کی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے اس موقع پر کہاکہ باہمی تعاون کا سمجھوتہ ان کی قیادت میں بارہ رکنی پاکستان جوڈیشری کے وفد کے دورہ برطانیہ کے تناظر میں عمل میں لایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ گذشتہ برس نومبر میں جوڈیشری کے تمام شعبوںکے نمائندوں ججز نے برطانیہ کے عدالتی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور پنجاب میں عدالت نظام کی بہتری کے لئے اصلاحاتی ایجنڈے کے اہم نکات پر تبادلہ خیال ہوا جس کے نتیجے میں تحریری معاہدہ کیاگیا تاکہ دونوںملکوں کی عدلیہ کے نمائندے ایک دوسرے کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرکے نظام عدل کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرسکیں جس سے فوری انصاف میں مدد ملے۔

انہوںنے کہاکہ معاہد ے کے تحت برطانوی ادارے اور پنجاب جوڈیشری میں پہلے سے جاری انصاف تک رسائی کے پروگرام کے علاوہ جوڈیشل سپورٹ پروگرام شروع کیا جائے گا جس میںجوڈیشل ریفارمز،جوڈیشل لیڈرشپ و گورننس، کیس مینجمنٹ سسٹم ، اے ڈی آر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال میں مدد ملی گی اور دو طرفہ تعاون اور وفد کے تبادلوں سے باہمی مفاہمت کو فروغ حاصل ہو گا۔

جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہاکہ پاکستان اور برطانوی عدلیہ کے مابین اشتراک عمل خوش آئند ہے اس سے دونوںملکوںکے عدالتی اداروں میں تعاون سے عدالتی نظام مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ جدید خطوط پر استوار ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ تین سالہ معاہدے کے دوران پاکستان اور برطانیہ میں دیرپا تعاون میںاضافہ ہو گا اوردونوں ملکوںکے جوڈیشری کے ممبران اس سے مستفید ہوںگے۔

برٹش ہائی کمشن کی ہیڈ آف رول آف لاء سوسن لوہیڈ نے اس موقع پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی قیادت میں برطانیہ کا دورہ کرنے والے ججزنے اہم امور پر غور خوص کیا جن کا مقصد پاکستان اور برطانیہ میں عدالتی نظام کی بہتری کے لئے تعاون کو فروغ دینا تھا اور دورے کے بعد باہمی تعاون کو تحریری شکل دی گئی ہے تاکہ عدالتوں اداروں کی سطح پر باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رہے اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔