چوہدری نثار پارٹی کے سینئر رہنما ہیں ،پرویز رشید کو میڈیا پر بعض باتیں کہنے سے گریز کرنا چاہیے تھا‘ شہباز شریف

نواز شریف صاحب سے درخواست کروں گا دونوں رہنماؤں کو ایک ساتھ بلا کر معاملے کا فیصلہ کریں‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعہ 19 جنوری 2018 22:48

چوہدری نثار پارٹی کے سینئر رہنما ہیں ،پرویز رشید کو میڈیا پر بعض باتیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے تمام عہدیدار،رہنما اور کارکن پارٹی منشور پر عملدرآمد اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پارٹی کے صدر محمد نوا ز شریف کی قیادت میں متفق اور متحد ہیں۔ وہ یہاں ایک نجی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔ رپورٹر کے ایک سوال پر وزیر اعلی نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں کے درمیان اختلافات کی موجودگی کسی جمہوری سیاسی جماعت کے لئے کوئی غیر معمولی بات نہیں۔

پرویز رشید اور چوہدری نثار کے درمیان حالیہ بیان بازی کے بارے میں سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ چوہدری نثار پارٹی کے سینئر رہنما ہیں اور ان کا شمار صدر مسلم لیگ(ن) محمد نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

میرے ذاتی خیال میں پرویز رشید صاحب کو میڈیا پر بعض باتیں کہنے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف صاحب سے درخواست کروں گا کہ وہ دونوں پارٹی رہنماؤں کو ایک ساتھ بلا کر اس معاملے کا فیصلہ کریں۔

وزیراعلی نے مزید کہاکہ چودھری نثار 1980ء سے محمد نوازشریف کے دیرینہ ساتھی ہیںاوران کا شمار مسلم لیگ( ن) کے سینئر ترین رہنمائوں میں ہوتا ہے -انہوںنے کہاکہ ان برسوں میں چودھری نثار محمد نوازشریف کے انتہائی قریبی ساتھی رہے ہیں-انہوںنے کہاکہ میری محمد نوازشریف سے درخواست ہے کہ وہ اس معاملے کے حل کے لئے فوری اپنا کردار ادا کریں -