جمہوری قوتوں کو فی الفور وسیع البنیاد قومی مکالمہ شروع کرنے کی ضرورت ہے، فافن

جمعہ 19 جنوری 2018 22:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں کو فی الفور وسیع البنیاد قومی مکالمہ شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ منفی‘ نفرت انگیز اور جہل پسند رجحانات کا سدباب کیا جا سکے کیونکہ یہ رجحانات جمہوری ترقی کی راہ میں حائل ہو رہے ہیں۔ جمعہ کو 50 سے زائد سول سائٹی تنظیموں کے اتحاد فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے متفقہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ معاشرے میں موجود حساس تقسیم کو گہرا کرنے کی کوششیں پاکستانی معاشرے کو غیر مستحکم کرنے والی دراڑوں کا باعث بن رہی ہیں۔

متفقہ اعلامیہ میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں، میڈیا، سول سوسائٹی کے اداروں، عام شہریوں اور ریاستی اداروں کو وقت ضائع کئے بغیر فوری اور شعوری اصلاحی کوششوں کا آغاز کرنا چاہئے تاکہ ان خطرناک منفی رجحانات کو الٹایا جا سکے۔

(جاری ہے)

یہ عمل صرف ایک وسیع البنیاد قومی مکالمے کے ذریعے ممکن ہے تاکہ ریاست اور شہریوں کے مابین موجود سیاسی و سماجی معاہدی(دستور)کو نئے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا ئے اور اس قومی اتفاق رائے کا حصول ممکن بنایا جائے جو اس طرح کے بڑے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اقوام کو درکا ر ہوتا ہے۔

اسی طرح ملک میں ان قوتوں کومستحکم کرنے کی ضرورت ہے جو دستور، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق کے تحفظ، شہری اور جمہوری آزادیوں اور جمہوری اقدار جیسے ارفع اصولوں کی بنیاد پر ملک میں مثبت سماجی تبدیلی کیلئے کام کر رہی ہیں۔ ’’پارلیمنٹ کو سپریم رہنے دیں، عدلیہ کو آزاد رہنے دیں، ریاستی اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک بنائیں، اور قانون کو ایسے عوامی اور منتخب نمائندوں سے نمٹنے دیں جو بد عنوانی میں ملوث ہیں‘‘۔ فافن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ماضی قریب میں میڈیا کے پھیلاؤ، سیاسی اور سماجی سوسائٹی کے قیام، ایک بااثر عدلیہ اور منتخب اسمبلیوں کے تسلسل جیسی بڑی کامیابیوں کو بنیاد بنا کر آگے بڑھنا ہوگا۔