دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے ،گورنراقبال ظفرجھگڑا

جمعہ 19 جنوری 2018 21:52

دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے ،گورنراقبال ظفرجھگڑا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے دل جان فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ دکھی انسانیت خصوصاً معاشرے کے ضرورتمند لوگوں بشمول بیواؤں اور معذوروں کی فلاح کیلئے کام کرنا ایک عظیم اور مقدس فریضہ ہے۔ گذشتہ روز اسلام آباد میں دل جان فاؤنڈیشن کے چیریٹی ڈنرکے موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنرنے ضلع لکی مروت جیسے دور دراز علاقے میں ناکافی وسائل کے باوجود فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک80 ہزار سے زائد لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی اوربیواؤں اورنادار طلباء کو ظائف دینے کوسراہا۔

انہوں نے کہاکہ دور دراز علاقوں میں ضرورتمند لوگوں کو صحت اورتعلیمی سہولیات فراہم کرنا اسان ذمہ داری نہیں ہے لیکن اس ادارے نے ایساسب کچھ ممکن کردکھایاہے جوکہ فاؤنڈیشن کیلئے قابل ستائش کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے اس ضمن میں دل جان فاؤنڈیشن کے عزم اور حوصلے کوبھی سراہا۔ گورنرنے کچھ عرصہ قبل لکی مروت کے فٹبال گراؤنڈ میں خودکش حملے کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے افراد کی دیکھ بھال کرنے پر بھی دل جان فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا اورکہاکہ 110 متاثرین کی مدد کرنا بھی آسان ذمہ داری نہیں ہے۔

انہوں نے فلاحی سرگرمیاں جاری رکھنے کے سلسلے میں فاؤنڈیشن کی ہرممکن مدد کایقین دلایا۔ گورنرنے مخیرحضرات پرزوردیا کہ وہ بھی ادارے کی مدد جاری رکھیں۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کیلئے دس لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیں دل جان خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ادارے کی کامیابیوں پرروشنی ڈالی۔