وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سے ریل انجن تیار کرنے والی چینی کمپنی ڈالیان کے جنرل منیجر لی ڈی پُو کی قیادت میں وفد کی ملاقات

جمعہ 19 جنوری 2018 21:25

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق سے ریل انجن تیار کرنے والی چینی کمپنی ڈالیان ..
لاہور۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ریل انجن تیار کرنے والی چین کی کمپنی ڈالیان کے جنرل منیجر لی ڈی پُو کی قیادت میں کمپنی کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور ناکارہ ہوجانے والے کمپنی کے تیار کردہ انجنوں کی بحالی کے حوالے سے پیش کش کی۔ اس پیش کش کے مطابق چینی کمپنی ڈالیان گذشتہ ادوار میں فروخت کئے گئے انجنوں میں سے کم سے کم دو یا زیادہ سے زیادہ پانچ لوکو موٹیوز کو رسالپور لوکوموٹیوز فیکٹری میں اپنے خرچ پر اپ گریڈیا تبدیل کرکے دے گی اس اپ گریڈیشن کے بعد پاکستان ریلویز ان انجنوں کا دو سال تک جائزہ لے گا اور تسلی بخش کارکردگی کی صورت میں اپ گریڈیشن کے اخراجات ادا کئے جائیں گے۔

چینی کمپنی کے وفد کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ادارے کی ساکھ کی بحالی کے لیے یہ پیش کش کررہے ہیں اور وہ سی پیک کے تناظر میں ایک تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اور ابھرتے ہوئے پاکستان میں اداروں بالخصوص پاکستان ریلویز کے ساتھ تعلقات اور کاروبار کی بحالی چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستا ن ریلوے نے موجودہ دور کے آغاز میں ناکارہ انجنوں کا ایک قبرستان بنانے کا اعلان کیا تھااور انجن فراہم کرنے والی ٹریڈنگ کمپنی ڈونگ فونگ کو بلیک لسٹ کردیا گیا تھا۔

وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس پیشکش کو ریلوے کے مفاد میں ہی قبول کیا جاسکتا ہے اور اس کا فیصلہ ریلوے ماہرین اور مکینیکل انجینئروں کی ماہرانہ رائے کی روشنی میں کیا جائے ۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر اپ گریڈیشن اور بحالی کے بعد چائنیز کمپنی کے انجن کم از کم پندرہ سال میں لائف گارنٹی کے ساتھ منافع دیں تو اس کی بنیاد پر تجویز پر غور کیا جائے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی طرف سے تعاون اور سرمایہ کاری کی پیشکش، پاکستان ریلوے کی بحالی اور ترقی کا اعتراف ہے تاہم اس وقت تمام فیصلے ادارے اور قوم کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر انتہائی ذمہ داری اور سوچ بچار کے بعد کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز ، ممبر فنانس فیصل اسماعیلی، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل انصر باللہ خان، ایف اے اینڈ سی اے او محمد سعید ، سی ایم ای کیرج اینڈ راحت مرزا، سی ایم ای لوکو شاہد عزیز سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :