گورنر پنجاب کی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات،

ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور پارٹی کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعہ 19 جنوری 2018 21:25

گورنر پنجاب کی سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات،
لاہور۔19جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جاتی امراء میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ملتان کی نوجوان قیادت کے رہنما محمد آصف رجوانہ بھی گورنر پنجاب کے ہمراہ تھے۔ تقریبا ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ، صوبہ پنجاب بالخصوص ملتان کے سیاسی ، ترقیاتی اور پارٹی کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم نے پوری تندہی اور جانفشانی کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کی ہے اور انشاء اللہ 2018ء میںاللہ کے فضل و کرم اور عوام کی بھرپور تائید سے آئندہ عام انتخابات میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنا ر ہوں گے۔

(جاری ہے)

محمد نواز شریف نے کہا کہ ان کا دل پاکستانی قوم بالخصوص ملتان کے غیورعوام ،پارٹی کے کارکنوںاورنوجوان قیادت کے ساتھ دھڑکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سب سے بڑی خوبصورتی اور سرمایہ ان کے نوجوان ورکرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طبقہ کو آگے آنا چاہئے کیونکہ پاکستان کا مستقبل انہیں نوجوان نسل سے وابستہ ہے ۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) ملتان کی نوجوان قیادت کے رہنما محمد آصف رجوانہ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کوملتان آنے کی دعوت دی جو انہوںنے بخوشی قبول کر لی ۔

قبل ازیں،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے ساتھ جمعہ کی نماز ادا کی اوران کی رہائش گاہ میںمنعقد ہونے والی روح پرورمحفل میلاد ﷺ میں بھی حاضری کی سعادت حاصل کی ۔ دریں اثناء گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے معروف صحافی،کالم نگار،ادیب اور دانشور منو بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار۔

انہوں نے کہا ہے کہ منو بھائی کی وفات سے اعلیٰ روایات اور جداگانہ صحافت کا ایک باب ختم ہو گیا۔منو بھائی نہ صرف اعلیٰ پائے کے صحافی تھے بلکہ وہ ایک دھڑکنے والا دل بھی رکھتے تھے۔گورنر نے کہا کہ منو بھائی کی وفات سے صحافت کے میدان پیدا ہونے والا خلا کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔ اپنے تعزیتی پیغام میں گورنر پنجاب نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔