پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کا محاسبہ محب وطن عوام کریں گے،شہبازشریف

پارلیمنٹ قابل احترام ادارہ ہے، اس کے عزت و وقار کا خیال رکھنا جمہوری قوتوںکی ذمہ داری ہے، جمہوریت عوام کی خدمت کا نام ہے ، محض خالی نعروں یا نام نہاد تبدیلی کے دعوے کرنے سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی،وزیراعلیٰ شہبازشریف کی محمود خان اچکزئی سے ملاقات میں گفتگو ، پارلیمنٹ کو برا بھلا کہنے والوں کی مذمت

جمعہ 19 جنوری 2018 20:48

پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کا محاسبہ محب وطن عوام کریں گے،شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جمعہ کو پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمنٹ کو برا بھلا کہنے اور لعنت ملامت کرنے والوں کی مذمت کی اور جمہوری نظام کے استحکام کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ قابل احترام ادارہ ہے، اس کے عزت و وقار کا خیال رکھنا جمہوری قوتوں کا فرض بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کا محاسبہ محب وطن عوام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں اور جو سیاسی عناصر افراتفری چاہتے ہیں ان کے عزائم ڈھکے چھپے نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نفاق کی سیاست کا بیج بونے والوں نے ملک کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اب ایسے عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان جمہوری عمل کے باعث معرض وجود میں آیا۔ جمہوریت عوام کی خدمت کا نام ہے اور محض خالی نعروں یا نام نہاد تبدیلی کے دعوے کرنے سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی، اس کیلئے مٹی سے مٹی ہونا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کیلئے ہر سیاسی جماعت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی جمہوریت میں ہی مضمر ہے۔انہو ںنے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہے او ر آج پاکستان کو اتحاد اور اتفاق کی جتنی ضرورت ہے، پہلے کبھی نہ تھی۔