وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس،گڈ گورننس کے فروغ، عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا

سرکاری اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں ،متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے تحت دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، صوبے میں ہر شعبے میں میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے تمام اداروں میں بھرتیاں سوفیصد میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کی گئی ہیں، وسائل کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے،توانائی بحران کے خاتمے سے قومی معیشت کو براہ راست اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 جنوری 2018 20:31

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس،گڈ گورننس کے فروغ، عوام کو بہترین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت جمعہ کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں گڈ گورننس کے فروغ، عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی اور صوبے کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلابی اصلاحات لائی گئی ہیں اور سرکاری اداروں میں آئی ٹی کے فروغ سے اداروں کی استعدادکار بڑھنے سے عوام کو خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے تحت دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اوران علاقوں میں اربوں روپے کے میگاپراجیکٹس مکمل کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ عوام کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ہر شعبے میں میرٹ کو فروغ دیا گیا ہے اورتمام اداروں میں بھرتیاں سوفیصد میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا گیا ہے۔اربوں روپے کی لاگت سے ایسی سکیمیں مکمل کی گئی ہیں جن سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہماری دن رات کی محنت رنگ لائی ہے اورتوانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا ہے۔توانائی بحران کے خاتمے سے قومی معیشت کو براہ راست اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اورکفایت شعاری اور سخت مالیاتی ڈسپلن کے تحت بچائے گئے اربوں روپے بھی عوام کو ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر صرف کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دور آمریت میں چنیوٹ۔رجوعہ کے قومی خزانے پراربوں روپے کی ڈاکہ زنی کی کوشش کو روکنا ہمارا کارنامہ ہے۔

ہماری حکومت نے اس منصوبے میں چار سالہ جدوجہد کے نتیجے میں غریب قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں۔تعلیم و صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے ہزاروں بچوں کے ہاتھ میں قلم اور کتاب دی گئی ہے اورپنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت وسائل سے محروم پونے تین لاکھ سے زائد بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔

صوبے کے 44 ہزار سکولوں میں عدم دستیاب سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اورصوبے بھر میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ نئے ہسپتال بنائے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات مستحق مریضوں کو مفت دی جا رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ بین الاقوامی لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے ادویات کے سوفیصد نمونے درست ثابت ہوئے ہیں۔

صوبے کے دور دراز علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس عوام کو ان کی دہلیز پر تشخیص و علاج کی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’’خادم پنجاب صاف دیہات پروگرام‘‘ کے تحت صوبے کے دیہاتوں کو صاف ستھرا بنایا جا رہا ہے۔ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت 85 ارب روپے کی لاگت سے ہزاروں کلومیٹر کھیتوں سے منڈیوں تک سڑکیں بنائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہجدید انفراسٹرکچر تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ صوبے میں سڑکوں، پلوں، انڈرپاسز فلائی اوورز کا جال بچھا دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضے فراہم کئے گئے ہیں اوراس سکیم سے بے زمین کاشتکار بھی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔100 ارب روپے کے کسان پیکیج سے زرعی شعبے کی ترقی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

صوبے بھر میں بنائے گئے 27 ماڈل بازاروں میں عوام کو معیاری اشیاء رعایتی نرخوں پر مل رہی ہیں اورصوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے 5 میدانوں کے علاوہ صوبے بھر میں مختلف کھیلوں کے نئے گرائونڈز بنائے گئے ہیں۔چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا مشہود احمد خان، ملک ندیم کامران، ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان، چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔