پاکستان نے خطہ میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں

موٹروے پولیس بہترین کارکردگی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے، موٹروے پولیس 10 ایمبولینسیں عطیہ کرنے کے موقع پر وزیر مملکت محمد جنید انور چوہدری اور امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کا خطاب

جمعہ 19 جنوری 2018 19:11

پاکستان نے خطہ میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بے مثال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل اور وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انور چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطہ میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے امن قائم کرنے کیلئے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے، موٹروے پولیس بہتر سے بہترین کارکردگی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔

وہ جمعہ کو موٹروے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں امریکی ادارہ انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ سیکشن یو ایس اے کی طرف سے 10 ایمبولینسں موٹروے پولیس کو عطیہ کرنے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام، سیکرٹری مواصلات فرقان بہادر خان، ڈائریکٹر آئی این ایل گریگوری شیفر، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مواصلات تاشفین خان، ڈی آئی جی آپریشنز غلام رسول زاہد، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر اشفاق احمد، ڈی آئی جی موٹرویز عمر شیخ، ڈی آئی جی N-5 نارتھ زون عباس احسن، اے آئی جی نجیب الرحمن بگوی، اے آئی جی اصغر علی، اے آئی جی فضل حامد کے علاوہ موٹروے پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ موٹروے پولیس کا ادارہ اپنی استعداد بڑھانے میں ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس 1997ء سے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ایمانداری اور خوش اخلاقی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور موٹروے پولیس کے ساتھ مل کر ایسے کاموں میں تعاون کر کے قومی شاہرات پر عام شہریوں کی زندگیوں کو مزید محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی این ایل کی طرف سے تحفہ میں دی گئی ایمبولینس موٹروے پولیس کی استعداد میں مزید اضافہ کریں گے جس سے قومی شاہرات پر ہونے والے حادثات کی صورت میں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں خواتین پولیس افسران کی شمولیت اور ان کی کا کردگی کو بھی سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انور چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے امن قائم کرنے کے لئے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے۔ پاکستان کا سب سے عظیم ادارہ موٹروے پولیس محدود وسائل کے باوجود اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے نبھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی آئی این ایل نے 50 سپیڈ چیکنگ کیمرے، 45 موٹر سائیکل، 500 بلٹ پروف جیکٹس اور 5 کوسٹر موٹروے پولیس کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کیلئے تحفہ میں دی ہیں۔

موٹروے پولیس گزشتہ 20سال سے تندہی اور ایمانداری اور خوش اخلاقی کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس حادثات میں کمی اور سڑک پر سفر کرنے والوں کی جانوں کی حفاظت کر کے اعلیٰ پیشہ وارانہ کارکردگی کا ثبوت دے رہی ہے، اسی وجہ سے موٹروے پولیس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حادثات کی روک تھام اور روڈ سیفٹی کیلئے شعور کو اجاگر کرنے کے سلسلے میں انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سیّد کلیم امام اور موٹروے پولیس کے افسران کی کارکر دگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں موٹروے پولیس کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جائیں گے اور وزارت مواصلات موٹروے پولیس کو ہر قسم کے تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی این ایل کے ساتھ کام کرنا نہ صرف ہمارے لئے بلکہ آئی این ایل کیلئے بھی قابل فخر بات ہے کہ وہ پاکستان کے بہترین ادارے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ فروری میں ایمرجنسی رسپانس سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فسران محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ادارے کا نام مزید روشن کریں اور اپنے حسن اخلاق سے اس کی نیک نامی میں مزید اضافہ کریں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری مواصلات فرقان بہادر خان نے موٹروے پولیس کی کاکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آئی این ایل بین الاقوامی جرائم پر قابو پانے اور غیر قانونی منشیات کی روک تھام کے لئے موثر طور پر کا م کر رہی ہے۔

موٹروے پولیس کو عالمی سطح پر جو پذیرائی ملی ہے اس میں تمام افسران اورجوانوں کی محنت، حسن اخلاق اورجذبہ کار فرما ہے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے افسران نے اپنی شاندار کارکردگی، خوش اخلاقی سے اس ادارے کو نہ صرف مثالی ادارہ منوایا بلکہ عوام کی مکمل خوشنودی اور اعتماد بھی حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے افسران نے حسن اخلاق، پیشہ وارانہ مہارت، کارکردگی اور دیانتداری سے عوامی خدمت کے قابل رشک معیار متعین کئے ہیں۔

اس موقع پر آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں کے دوران بہترین کاردگی اور انتھک محنت سے موٹروے پولیس پاکستان کی بہترین اور معیاری ٹریفک ریگولیشن اور انفورسمنٹ ادارہ کے طور پر ابھر کا سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس عوام کی اخلاقی اور دوران سفر مشکل میں مدد کا کلچر پیش کرکے لوگوں کے دل جیتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایمبولینس قومی شاہرات پر حادثے کی صورے میں زخمیوں میں بروقت ہسپتال منتقل کرنے میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف لوگوں کی جانوں کی حفاظت میںمدد ملے گی بلکہ حادثات کو کنٹرول کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے شبانہ روز محنت اور عوام الناس کی خدمت اور حفاظت کے ذریعے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرونی دنیامیں نیک نامی اور شہرت حاصل کی ہے، ہر قسم کی تفریق اور تعصب سے بالاتر قانون کا یکساں نفاذ، رکاوٹوں سے پاک ٹریفک، جدید اور بروقت امدادی سہولیات کی فوری فراہمی موٹروے پولیس کا طرہ امیتازہے۔

زندگی کے ہر طبقے اور شعبے سے تعلق رکھنے والے خواتین اور حضرات میں قوانین کے مطابق محفوظ ڈرائیونگ کے شعور کو اجاگر کرنا اور حادثات سے پاک معاشرے کا فروغ ان کا نصب العین ہے۔ انہوں نے موٹروے پولیس کی آئی این ایل طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحائف موٹروے پولیس کی کار کردگی بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انوار چوہدری نے موٹروے پولیس کی طرف سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل، سیکرٹری مواصلات فرقان بہادر خان کو سونیئر پیش کیں جبکہ آئی جی موٹروے پولیس ڈاکٹر سیّد کلیم امام نے وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انور چوہدری کو سووینیئر پیش کی۔

متعلقہ عنوان :