وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری سے ملاقات

جمعہ 19 جنوری 2018 20:11

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین کی ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے دورہ ایران کے دوران ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری سے ملاقات کی،دوطرفہ دفاعی تعلقات کے فروغ سمیت دیگر امور زیر غور آئے ۔وزارت دفاعی پیداوار کے ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، جوایران کے سرکاری دورہ پر ہیں نے ایرانی نائب صدر اسحاق جہانگیری سے ملاقات کی۔

ایرانی نائب صدر نے اعلان کیا کہ پاکستان کیساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو وسعت دیں گے،دوطرفہ بہترین تعلقات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایرانی دفاعی پیداواری شعبے میں کلیدی صلاحیتوں کے حامل ہیں۔ باہمی مسائل کے جلد حل کیساتھ روابط مزید کو مضبوط بنانا چاہیے،پاکستان کیساتھ فوجی اور دفاعی تعاون کے فروغ میں ایران پر کوئی پابندی نہیں۔

(جاری ہے)

ایرانی نائب صدر نے کہا کہ دوطرفہ سطح پر فوجی حکام کے حالیہ دورے تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاک، ایران دفاعی اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کا میکنزم طے ہو گیا، پاکستان اور ایران کے مابین بڑھتا تعاون جلد نظر آئیگا،دونوں ممالک باہمی سطح پر برادرانہ اور دوستانہ تعلقات رکھتے ہیں،دونوں ممالک کے مابین تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران طویل سرحد کیساتھ جغرافیائی قربت رکھتے ہیں۔