وزیر خوراک بلال یاسین کا ایک ہی روز 3اضلاع کی 10شوگر ملوں کا دورہ

گنے کی خریداری کے عمل کا جائزہ لیا، انتظامی افسروں،کسان رہنمائوں اور شوگر ملز کے عہدیداروں سے ملاقاتیں گنے کے کاشتکاروںکی کم وزن اور کم ریٹ دینے کی شکایات پر فوری ایکشن لیں،بلال یاسین کی انتظامیہ کو ہدایت

جمعہ 19 جنوری 2018 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ایک ہی روز فیصل آباد، جھنگ، اٹھارہ ہزاری، شور کوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی 10شوگر ملوں کا دورہ کرکے گنے کی خریداری کے عمل کا جائزہ لیا۔ انتظامی افسروں،کسان رہنمائوں اور شوگر ملز کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے واضح کیا کہ گنے کے کاشتکاروںکے ساتھ کسی قسم کی زیادتی اور ناانصافی بالکل برداشت نہیں کی جائیگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر گنے کے کاشتکاروں کی شکایات کے موقع پر ازالے اور انہیں ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے فیلڈ میں ہیں ۔کرشنگ سیزن ختم ہونے تک گنے کے خریداری کے عمل کی مکمل نگرانی جاری رہے گی۔بلال یاسین نے گنے کے کاشتکاروں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب ان کا استحصال کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتے گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں شوگر ملوں کی مانیٹرنگ کو مزید فعال اور موثر بنایا گیا ہے۔ مڈل مین اور انکے سرپرستوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ گنے کے کاشتکاروںکی فصل کا کم وزن اور کم ریٹ دینے کی شکایات پر فوری ایکشن لیں۔صوبائی وزیر نے ملز انتظامیہ کی طرف سے گنے کے کاشتکارو ں کوجاری کی گئیں ادائیگیوںکی سی پی آر کی جانچ پڑتال بھی کی اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ گنے کی فروخت کے سلسلے میں کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ مڈل مین کے کردار ، کم وزن اور ادائیگیوں میں سست روی کی شکایات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :