گزشتہ حکومت کے انفرادی نوعیت اور عوامی مفاد کے بر عکسی شروع کئے گئے منصوبے منسوخ کر کے تحقیقات کی جائیں گی، میر عبدالقدوس بزنجو

چیک پوسٹوں ،چینزپر ماہانہ 50 کروڑ روپے تک بھتہ وصول کیا جاتا ہے ،اب اگر کسی بھی علاقے سے بھتہ وصولی کی اطلاع ملی بھتہ یا رشوت وصول کی گئی ہے تو وہاں کا ڈی پی او ،ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہونگے ،فوری معطل کیا جائے گا ، صحافیوں کیلئے اعلان کردہ لیپ ٹاپ ایک ہفتے کے اندر تقسیم کردئیے جائیں گے ،ایسا نہ ہوا تو متعلقہ افسر معطل کردوں گا ،وزیراعلیٰ بلوچستان کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ دس دن میں شروع ہوگا ،کوئٹہ میں جدید آئی ٹی پارک تعمیر کیا جارہا ہے ،صوبائی وزیر پر نس احمد علی

جمعہ 19 جنوری 2018 18:40

گزشتہ حکومت کے انفرادی نوعیت اور عوامی مفاد کے بر عکسی شروع کئے گئے ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کو حل اور دکھی انسانیت کی دادرسی کے لئے خصوصی اقدامات کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،صوبے میں بے روز گاروں کو میرٹ پر روز گار فراہم کر نے کی کوشش کر رہے ہیں، گزشتہ حکومت کے انفرادی نوعیت اور عوامی مفاد کے بر عکسی شروع کئے منصوبے منسوخ کر کے انکی تحقیقات کی جائیں گی ،امن وامان کے حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی برداشت نہیں کروں گا جس علاقے میں بدامنی کی واردات ہوئی وہا ں کے متعلقہ تھا نے کا ڈی ایس پی ،ایس ایچ او اپنے آپ کو معطل سمجھے ،صحافیوں کے لئے ایک ہفتے کے اندر لیپ ٹاپ تقسیم کروں گا جبکہ صحافیوں کی رہائشی کالونی کے لئے جلد ازجلد اقدامات کئے جائیں گے ،یہ بات انہوں نے جمعہ کو وزیراعلی سیکر ٹریٹ میں کھلی کچہری کے انعقاد کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر صوبائی وزراء پرنس احمد علی ، حاجی اکبر آسکانی،حاجی غلام دستگیر بادینی اور رکن صوبائی اسمبلی سردار صالح محمد بھوتانی بھی انکے ہمراہ تھے،وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبے میں 2013کی نسبت امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف موثر کاروائیاں کی ہیں لیکن اب بھی بہتری کی گنجا ئش مو جود ہے ہمارا عزم ہے کہ ہم بلوچستان کو مکمل طور پر پر امن صوبہ بنائیں اس کام کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں گے ،انہوں نے کہا کہ میں نے آئی جی پولیس کو واضع ہدایت کی ہے کہ صوبے کے ہر ضلع میں ایماندار افسران کو تعینات کر یں اور کرپشن کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں مجھے شکایات ملی ہیں کہ چیک پوسٹوں اور چینزپر ماہانہ 50 کروڑ روپے تک بھتہ وصول کیا جاتا ہے اب اگر کسی بھی علاقے سے اطلاع ملی کہ بھتہ یا رشوت وصول کی گئی ہے تو وہاں کا ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوں گے اور انہیں فوری طور پر معطل کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار صوبے میں امن امان قائم کر نے کے لئے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کر رہے ہیں لیکن اس کے بر عکس انکے مسائل بہت زیادہ ہیں جنکی کمی کے لئے تجاویز طلب کی ہیں پولیس کے زیر التواء مسائل کے حل کے لئے ایک ہفتے کے اندر اقدامات کئے جائیں گے ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا صوبے میں پولیس اور پولیو ٹیموں پرحملوں کے واقعات میں قیمتی جانوں ضیاع افسوسناک ہے انکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے بلوچستان کے ساتھ دو ہمسائیہ ممالک کے کھلے بارڈر لگتے ہیں جن پر آمد و رفت کی وجہ سے یہاں پر دہشتگردی کے واقعات رونما ء ہو رہے ہیں بلوچستان میں بدامنی پھیلا نے میں بیرونی ہاتھ بھی ملوث ہیں لیکن ہم نے اپنی عوام کی حفاظت کا عہد کیا ہے اور اسکے لئے جتنے بھی ممکن اقدامات ہیں وہ اٹھائے جارہے ہیں،انہوں نے کہا بلوچستان کا اہم ترین مسئلہ بیروزگاری ہے کھلی کچہری میں بھی بہت سے بیروزگار نوجوان اپنی درخواستیں لے کر آئے کا بینہ کے اجلاس میں صوبے میں خالی آسامیوں کے حوالے سے اصل تعداد منگوا لی ہے گزشتہ حکومت جاتے جاتے پچھلی تاریخوں میں کئی آسامیوں پربھر تیاں کر گئی ہم نے طے کیا ہے کہ ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے کر آسامیوں کو میرٹ پر تقسیم کریں گے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کا بینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے جتنے بھی اجتما عی اور صوبے کے مفادکے منصوبے شروع کئے ہیں انہیں آگے لے کر چلیں گے اور جہاں پر انفرادی نوعیت اور عوام کی فلاح کے بر عکس کام ہوئے انکو منسوخ کر کے تحقیقات کی جائیں گی ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتا یا کہ این ٹی ایس کے حوالے سے ہمیں بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ابھی اس کا فیصلہ نہیں کیا کہ آسامیوں پر بھرتی این ٹی ایس سے ہوگئی یا کسی اورطریقہ کار یا ادارے کے ذریعے ،انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ صحافیوں کے لئے اعلان کردہ لیپ ٹاپ ایک ہفتے کے اندر تقسیم کردئیے جائیں گے اگر ایسا نہ ہوا تو متعلقہ افسر معطل کردوں گا جبکہ صحافی کالونی کی رپورٹ طلب کر کے اس پر بھی جلد از جلد عملدرآمد کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ،اس موقع پر بات چیت کر تے ہوئے صوبائی وزیر برائے سائنس و ٹیکنا لوجی اور ماحولیا ت پر نس احمد علی بلوچ نے کہا کہ دس دن کے اندر سیف سٹی منصوبے کو فائلوں سے نکا ل کر اس پر عملی اقدامات کئے جائیں گے کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کو عالمی طرز پر جدید آرٹی فیشل اینٹی لیجنس کے عین مطابق قیام میں لایا جائے گا اس سے کوئٹہ میں جرائم اور دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام،تحقیقات اور مشکوک نقل و حرکت اورافراد پر نظر رکھنے میں معاونت ملے گی انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں آئی ٹی پارک کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جہاں ہائی سپیڈ انٹرنٹ سے صوبے کے نوجوان تعلیم،روزگا ر کے مواقع حاصل کر سکیں گے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں فارنزک لیبارٹری کے قیام کا اہم منصوبہ اس وقت محکمہ داخلہ کے پاس ہے اس منصوبے کی تکمیل کے لئے بھی متعلقہ محکمے کام کررہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :