ساحر لودھی کے ٹی وی پروگرام کے خلا ف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 19 جنوری 2018 18:29

ساحر لودھی کے ٹی وی پروگرام کے خلا ف  قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان پاکستانی اداکار اور مارننگ شو ہوسٹ ساحر لودھی کا معصوم اور چھوٹی بچیوں کو بالی ووڈ کے ’’ آئٹم‘‘ نمبرز پر ڈانس کروانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتا ہے ساحر لودھی نے اپنے پروگرام میں نازیبا لباس پہنا کر چھوٹی سی عمر کی بچیوں کو ایسے گانوں پر ڈانس کروایا جن کے الفاظ انتہائی فحش ہوتے ہیں اور کوئی شخص انہیں فیملی کے ساتھ بیٹھ کر نہیں سن سکتا۔

(جاری ہے)

کچھ عناصر بھارتی فلموں اور گانوں کی پروموشن کر کے بیرونی ایجنڈے کی تکمیل کر رہے ہیں اور پاکستانی اقدار و ثقافت کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔ لہذا اس ایوان کے اراکین کی متفقہ رائے ہے کہ حکومت ایسے عناصر سے بازپرس کر کے ان کی سرکوبی کے لئے موثر اقدامات کرے۔