پاک بحریہ اپنی افرادی قوت کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کے لئے کوشاں ہے، چیف آف دی نیول اسٹاف

جمعہ 19 جنوری 2018 18:05

پاک بحریہ اپنی افرادی قوت کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) پاک بحریہ کی لاجسٹکس کمانڈ کی تقسیم ایوارڈز کی سالانہ تقریب جمعہ کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقسیم ایوارڈ کی تقریب ہر سال منعقد کی جاتی ہے جس کا مقصد لاجسٹکس کمانڈ کے تحت کام کرنے والے یونٹس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا اور مختلف منصوبوں کی کامیاب تکمیل میں ان کی کوششوںکو سراہنا ہے۔

پاک بحریہ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی لاجسٹکس کمانڈ کو اپنے پیشہ ورانہ امور انتہائی خوش اسلوبی سے انجام دینے پر سراہا۔ انہوں نے کہا کہ لاجسٹکس کمانڈ کی اس بے لوث محنت اور لگن کا اندازہ سال 2017ء کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں اور آبدوزوں کی ہمہ وقت دستیابی اور متعدد ملکی و غیر ملکی بحری مشقوں میں بروقت شمولیت سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ جب بھی ہم کسی امداد پر انحصار کرتے ہیں تو خود انحصار ی کے حصول کا جذبہ ماند پڑنے لگتا ہے، ہم دفاعی خود انحصاری کے حصول کے لئے کوشاں ہیں اور اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات ہمارے قومی وقار کا مظہر اور سروس کے لئے ہماری محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ایڈمرل ظفر محمود نے مزید کہا کہ بیرونی دبائو کے باوجود ہمیں اپنے اندرونی مسائل کو دانشمندی سے حل کرنے اور ایک مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک غیور قوم ہیں، ہماری مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات اور چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ چیف آف نیول اسٹاف نے مزید کہا کہ ایک جدید اور مستحکم بحریہ نہ صرف وطن عزیز کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ علاقائی امن و استحکام کی بھی ضامن ہے، پاکستان نیوی کو ایک جدید اور مضبوط بحری قوت بنانے کے لئے نیول فلیٹ میں نئے جہازوں کی شمولیت ا ور انہیں کارآمد رکھنے اور مزید موثر بنانے کے لئے تکنیکی صلاحیت کا حصول اتنی ہی اہمیت کا حامل ہے جتناکہ ایک قابل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی حامل افرادی قوت ضروری ہے، اس ضمن میں پاک بحریہ نے اپنی حربی صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری جہاز اور ہیلی کاپٹر ز حاصل کئے ہیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستان نیو ی فلیٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ اپنی افرادی قوت کو بھی بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور انہیں جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانے کی ضرورت سے بھی آگاہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ اور ماہر افرادی قوت ہمارا اثاثہ ہے اور ہمیں ا س پر فخر ہے۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام کے سنہری اصول کو اپنی ذاتی اور بیشہ ورانہ زندگیوں میں مشعل راہ بناتے ہوئے ہم پاک بحریہ کو قابلیت، صلاحیت اور جنگی تیاری کے بامِ عروج پر پہنچا سکتے ہیں۔

قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر لاجسٹکس رئیر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے سال 2017ء کے دوران لاجسٹکس کمانڈ کی کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ بعد ازیں مہمان خصوصی نے سال گذشتہ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :