نوجوانوں کو تعلیم ، فنی تربیت اور روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گورنرسندھ

نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی روشن پاکستان کی دلیل ہے، (NAVTTC) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ سے گفتگو

جمعہ 19 جنوری 2018 17:46

نوجوانوں کو تعلیم ، فنی تربیت اور روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا ان چند خوش نصیب ممالک میں سرفہرست ہے جس کی کل آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے یہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں اس ضمن میں نوجوانوں کو تعلیم ، فنی تربیت اور روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوتھ اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے زیر اہتمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور صنعتوں میں نوجوانوں کو مفت فنی تربیت کی فراہمی سے نوجوانوں کو بھرپور مواقع کی فراہمی کے ذریعہ معاشی خوشحالی کے ضمن میں ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا سکے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں این اے وی ٹی ٹی سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ سے گفتگو کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کمیشن کے اقدامات ، نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی ، روزگار کے مواقع ، خوشحال پاکستان کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی روشن پاکستان کی واضح دلیل ہے فنی تربیت سے بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی ،کمیشن کے تحت دی جانے والی فنی تربیت روزگار اور وسائل فراہم کرنے میں کارگرثابت ہورہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو تحقیق کے ضمن میں ہر ممکن سہولیات اور تعاون فراہم کیا جا رہا ہے ، وفاق کے تعاون سے جامعات میں پہلے مرحلہ میں ہو نہا ر طالب علموں کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے جس کے مثبت نتائج سامنے آنے پر اس کا دائرہ کار مزید بڑھا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ ، معاشی استحکام اور لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہورہے ہیں ، غیر ملکی سرمایہ کاری ، نئی صنعتوں کے قیام اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے نوجوانوں کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ، نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم ، فنی تربیت اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

ملاقات میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ذوالفقار چیمہ نے گورنر سندھ کو کمیشن کے اغراض و مقاصد اور نوجوانوں کو فراہمی کی جانے والی فنی تربیت کے ضمن میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمیشن کے تحت نوجوانوں کو مفت داخلہ ، مفت کورس ، ماہانہ وظیفہ اور ادارہ کا تسلیم شدہ سرٹیفیکٹ دیا جاتا ہے ، سرکاری و غیر سرکاری اور صنعتوں میں کام کرنے والے نوجوانوں کو مفت تربیت کی فراہمی کے مثبت نتائج ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں اس لئے وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر اس کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کی جا سکے ۔

متعلقہ عنوان :