کراچی کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے، گورنر سندھ

جمعہ 19 جنوری 2018 17:34

کراچی کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک چین دو طرفہ تعلقات جیسی نظیر دنیا بھر میں نہیں، وقت کے ساتھ ساتھ پاک چین تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوتے جا رہے ہیں، سی پیک پاک چین عظیم الشان تعلقات کی واضح دلیل ہے، دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت، وفود کے تبادلوں اور مشترکہ مفاد کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات سے خطہ میں خوشحالی اور ترقی کے ثمرات عوام تک بھی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، معاشی خوشحالی کے عظیم الشان منصوبہ سی پیک سے صوبہ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز شروع ہو گا، خطہ کے اہم مقام پر ہونے کے باعث کراچی جلد عالمی تجارتی نقشہ میںنمایاں مقام پر ہوگا، کراچی کے مختلف شعبوں میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی خوش آئند ہے اس ضمن میں حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی، دوطرفہ تعلقات کے مزید استحکام، مضبوطی اور نئی جہت دینے میں چینی سفیر یاو جنگ کی کاوشیں اہم ثابت ہوں گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں چین کے سفیر یاو جنگ سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات میں سفارت کاری کے کردار، پاک چین تعلقات، سی پیک، عالمی تناظر میں بدلتی ہوئی صورتحال میں پاک چین کردار اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں عزم ظاہر کیاگیا کہ سی پیک معاشی خوشحالی اور خطہ کے وسیع تر مفاد میں ہے منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے گا اس ضمن میں ہر مخالفت کا مشترکہ طور پر دفاع بھی کریں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاک چین دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور مضبوطی میں سفارتکاری معاون ثابت ہورہی ہے، چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی سفارتی، اخلاقی اور سماجی حمایت کی جسے پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، اقتصادی راہداری منصوبہ سے پاکستان اور چین مزید ایک دوسرے کے قریب آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے صوبہ میں معاشی خوشحالی ، ترقی اور سماجی سطح پر خوشگوار تبدیلی یقینی ہے جس سے عام آدمی کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا، منصوبہ کی تکمیل سے لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے نئی صنعتوں کے قیام اور نجی سیکٹر کے فعال کردار سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے، موجودہ حکومت امن و امان کے قیام، انرجی بحران کے خاتمہ اور معاشی استحکام کے باعث معاشی خوشحالی کے لئے انفرااسٹرکچر اور سماجی شعبہ کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے سرمایہ کاری میں منفرد مقام رکھتا ہے جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ، تجربہ کار اور محنتی ہیومن ریسورس بھی دستیاب ہے جو سرمایہ کاری میں آئیڈیل اہمیت رکھتی ہے اس ضمن میں چین کے سرمایہ کار بھرپور استفادہ حاصل کرسکتے ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کرے گی۔ ملاقات میں چین کے سفیر نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کی پوری کوشش ہے کہ پاک چین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہوں اس ضمن میں چین کے سرمایہ کاروں کو صوبہ سمیت پورے پاکستان کے مختلف شعبوں کی جانب راغب کیا جا رہا ہے، امن و امان کے قیام کے بعد کراچی سرمایہ کاری کے لئے پرکشش اہمیت رکھتا ہے، چین کے سرمایہ کاری شہر کے مختلف شعبوں میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :