ہم پاکستان کے دشمن نہیں اسے ہم سے دشمن کی طرح برتائو نہیں کرنا چاہیے، اسرائیلی وزیراعظم

بھارت کو لائن آف کنٹرول پر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی جن کو اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہے،نیتن یاہو مودی کی زبان بولنے لگے

جمعہ 19 جنوری 2018 16:45

ہم پاکستان کے دشمن نہیں اسے ہم سے دشمن کی طرح برتائو نہیں کرنا چاہیے، ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہاہے کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں لہذا پاکستان کو بھی ہم سے دشمن کی طرح برتائو نہیں کرنا چاہیے،بھارت کو لائن آف کنٹرول پر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی جن کو اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہوان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں جہاں دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے ہیں جب کہ دہلی اور ممبئی سمیت کئی شہروں میں نیتن یاہو کے دورہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔

دورہ بھارت کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بھی بھارتی زبان بولنے لگے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ بھارت کو لائن آف کنٹرول پر ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی جن کو اقوام متحدہ دہشت گرد قرار دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے دشمن نہیں لہذا پاکستان بھی ہم سے دشمنوں جیسا سلوک نہ کرے۔نیتن یاہو نے ممبئی میں بھارتی فلم انڈسٹری کے ستاروں سے بھی ملاقات کی، اس دوران ان کا کہنا تھا کہ وہ بالی ووڈ سے محبت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اسرائیل میں بھی بالی ووڈ فلم انڈسٹری ہو۔

اسرائیلی وزیراعظم نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ گجرات کا بھی دورہ کیا، احمد آباد میں مہاتما گاندھی کی رہائش گاہ گئے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ آگرہ میں تاج محل جاکر تصاویر بنوائیں۔