سندھ ہائیکورٹ نے پولیس فنڈز کرپشن کیس میں آئی جی لاجسٹک تنویر احمد طاہر کی درخواست ضمانت مستردکردی،

سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

جمعہ 19 جنوری 2018 16:37

سندھ ہائیکورٹ نے پولیس فنڈز کرپشن کیس میں آئی جی لاجسٹک تنویر احمد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے پولیس فنڈز کرپشن کیس میں آئی جی لاجسٹک تنویر احمد طاہر کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی ہے۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں پولیس فنڈز میں کرپشن کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس جسٹسایم احمدعلی شیخ نے نامزد پولیس اہلکاروں کی عدم حاضری پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق آئی جی غلام حیدر جمالی خود بھی کرپشن کیسز کا سامنا کررہے ہیں جبکہ سپریم کورٹ سندھ پولیس فنڈز میں کرپشن کے معاملے پر سخت آبزرویشن دے چکی ہے۔

دوران سماعت تنویر طاہر کے وکیل نے کہا کہ آئی جی سندھ کے سیکرٹ فنڈز سے رقم جاری کی گئی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی پولیس کا سیکرٹ فنڈز گاڑیوں میں پیٹرول ڈالنے کیلئے نہیں دیا جاتا، بعد ازاں عدالت نے آئی جی لاجسٹک تنویر احمد طاہر کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔