امریکہ نے سولہ لاکھ ڈالرز مالیت کی دس ایمبولینسیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے حوالے کر دیں

موٹروے پولیس کا فرض،تمام تر خطرات کے باوجود ، اعلی پیشہ ورانہ اور اخلاقی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے، انسانی جان کو بچانا اور ضرورت مندوں کی مدد کرناہے،یمبولینسوں کو کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پاکستان بھر میں مختلف اہم مقامات پر رکھا جائیگا،یہ عطیہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت کو بہتر بنانے اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرو ے پولیس کی ملک میں شاہراہوں کومحفوظ بنانے کے مشن کی تکمیل میں امریکی دیرینہ اور ثمر آورکوششوں کی غمازی کرتا ہے امریکی سفیرڈیوڈ ہیل کا تقریب سے خطاب

جمعہ 19 جنوری 2018 16:18

امریکہ نے سولہ لاکھ ڈالرز مالیت کی دس ایمبولینسیں نیشنل ہائی ویز اینڈ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2018ء) پاکستان میں متعین امریکی سفیرڈیوڈ ہیل امریکی حکومت کی طرف سے اٹھارہ کروڑروپی(سولہ لاکھ ڈالرز ) مالیت کی دس ایمبولینسیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویپولیس کے حوالے کیں ۔ یہ عطیہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت کو بہتر بنانے اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویپولیس کی ملک میں شاہراہوں کومحفوظ بنانے کے مشن کی تکمیل میں امریکہ کی طرف سے دیرینہ اور ثمر آورکوششوں کی غمازی کرتا ہے ۔

وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انورچوہدری ، سیکریٹری مواصلات فرقان بہاد رخان اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویپولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر کلیم امام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ سفیر ڈیوڈ ہیل نے موٹروے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسے لیکر اب تک موٹروے پولیس نے ایک ایماندار، پیشہ وراور عوامی خدمت کے حامل ادارے کے طور پر قومی سطح پر نیک نامی کمائی ہے۔

(جاری ہے)

موٹروے پولیس کا فرض،تمام تر خطرات کے باوجود ، اعلی پیشہ ورانہ اور اخلاقی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے، انسانی جان کو بچانا اور ضرورت مندوں کی مدد کرناہے۔امریکی سفیر نے پولیس فورس میں خواتین اہلکاروں کی شمولیت کی بھی تعریف کی، جن کی نمائندگی قومی سطح پر کسی بھی ادارے میں عورتوں کی شمولیت کی شرح سے چار گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور سب کی شمولیت کو یقینی بنانے کی روایت کی عکاسی کرتی ہے۔

موٹرویپولیس کی جانب سے ان ایمبولینسوں کو کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پاکستان بھر میں مختلف اہم مقامات پر رکھا جائیگا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویپولیس کیچار افسران نے امریکی سفارتخانے کے عالمی ادارہ برائے انسداد منشیات اور نفاذ قانون (آئی این ایل)سے ماسٹر ٹرینرز کے طور پر ہنگامی طبی امداد دینے کی تربیت بھی حاصل کی ہے اور اب یہ ماسٹر ٹرینرز ، ادارے کے دیگر افسران کو یہی تربیت فراہم کریں گے جو کسی بھی سنگین حادثے کی صورت میں سب سے پہلے جائے وقوعہ پر پہنچتے ہیں ۔

امریکہ اور پاکستان، چالیس سال سے، پولیس کی صلاحیت اور عوام کی حفاظت کو بہتر بنان کے لیے سرگرم عمل ہیں ۔ اس تعاون میں پولیس افسران کو حفاظتی سازوسامان کی فراہمی، پولیس تربیتی مراکز اور دوسرے انفراسٹرکچر کی تعمیر، لگ بھگ اٹھارہ ہزار پولیس اہلکاروں کی تحقیقات، فارنزک، قائدانہ کردار اور پولیسنگ کے جدیدطور طریقوں کے بارے میں تربیت شامل ہے۔ بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ ، جس نے یہ ایمبولینسیں فراہم کی ہیں، سے زائد ممالک میں جرائم اور بدعنوانی کے خاتمے، منشیات کے دھندے کے سدباب، پولیس اداروں کی بہتری اور منصفانہ اور شفاف عدالتی نظام کی ترویج پر کام کررہاہے۔ آئی این ایل کے باریمیں مزید جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائیٹ ملاحظہ کریں۔