عوامی فلاح وبہبودکے منصوبے ترجیحی بنیادوں پرمکمل کئے جائیں، حافظ حفیظ الرحمن

جمعہ 19 جنوری 2018 16:15

عوامی فلاح وبہبودکے منصوبے ترجیحی بنیادوں پرمکمل کئے جائیں، حافظ حفیظ ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی بنائی گئی ہے جس پر کام کیا جارہاہے، تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظررکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی پلاننگ کی جائے ،گلگت اور مضافات کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے بھرپور وسائل فراہم کئے جارہے ہیں، محکمہ صحت گلگت کے مضافاتی علاقوں اور تمام دور دراز علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کے مراکز کی فعالیت کو یقینی بنائیں ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے جمعہ کوزترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گلگت اور شہید سیف الرحمن ہسپتال گلگت کا ماسٹر پلان منظور کیا جاچکا ہے جس کی تعمیر سٹیٹ آف دی آرٹ اور منظور شدہ ماسٹر پلان کے تحت کی جائے، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال گلگت کا ٹراما سنٹر ماسٹر پلان کے مطابق کیا جائے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے 1ارب روپے کی خطیر رقم گلگت بلتستان حکومت کو منتقل کی ہے اورشہید سیف الرحمن ہسپتال گلگت پنجاب حکومت کے تعاون سے ماسٹر پلان کے تحت تعمیر کیا جائے گا ۔ حافظ حفیظ الرحمن نے شہید سیف الرحمن ہسپتال کے منصوبے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی صوبائی سیکرٹری صحت کی سربراہی میں تشکیل دی ہے جو اس منصوبے کی مانیٹرنگ اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی۔

انہوںنے محکمہ صحت کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ گلگت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے او ٹی ٹیبلز میں اضافے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے اور تمام اضلاع میں جدید مارچری (مردہ خانہ) کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے اس حوالے سے پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گلگت میں تمام سہولیات سے آراستہ مرچری ہنگامی بنیادوں پر تعمیر کی جائے گی۔

امپھری لیپروسی ہسپتال کو روایتی ہسپتال کی بجائے ماڈل ایم سی ایچ سنٹر بنایاجائے گا،محکمہ صحت ماڈل ایم سی ایچ سنٹر کی تعمیر کیلئے جلد از جلد کاغذی کارروائی مکمل کرے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے ڈپٹی کمشنر گلگت کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری اداروں کی تعمیر کے حوالے سے خریدی جانے والی زمینوں کے معاوضوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے اس موقع پر کہاکہ وسائل کے غلط استعمال کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے محکمہ برقیات کے متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ پاور پروجیکٹس کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے جن منصوبوں کی تعمیر میں تاخیر کی گئی ہے ان کی مکمل انکوائری کی جائے اور ذمہ داران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔