کراچی میں ایک اور کمسن بچی سے زیادتی، ملزم چچا نکلا،مقدمہ درج کرلیا گیا

پولیس تعاون نہیں کررہی ، سچل پولیس کیس دبانا چاہتی ہے اور مبینہ ملزم کی گرفتاری میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے، متاثرہ بچی کی خالہ بچی کے والدین وزیرداخلہ کے دفترپہنچ گئے، والدین کو بھرپورتعاون کی یقین دہانی ، ڈی آئی جی ایسٹ کوانکوائری افسرنامزد کردیا گیا

جمعہ 19 جنوری 2018 16:09

کراچی میں ایک اور کمسن بچی سے زیادتی، ملزم چچا نکلا،مقدمہ درج کرلیا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) کراچی کے علاقے سچل میں ایک اور کمسن بچی کو زیادتی کا نشانی بنایا گیاہے اور زیادتی کرنے والا اس کا چچا نکلا، بچی سے زیادتی کامقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ملزم کی عدم گرفتاری کا نوٹس لے لیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں سچل کے علاقے میں ایک اورکمسن بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا، اہلخانہ نے الزام لگایا کہ زیادتی کسی اور نے نہیں چچا نے کی ہے۔

بچی کی خالہ کے مطابق پولیس تعاون نہیں کررہی ، سچل پولیس کیس دبانا چاہتی ہے اور مبینہ ملزم کی گرفتاری میں ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔زیادتی کا واقعہ سچل تھانے کی حدود گبول گوٹھ میں رپورٹ ہوا ۔صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ملزم کی عدم گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سے رپورٹ مانگ لی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سچل میں مبینہ زیادتی کا شکار ہونے والی بچی کے والدین وزیرداخلہ کے دفترپہنچ گئے، وزیرداخلہ سندھ نے والدین کو بھرپورتعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیرداخلہ سندھ نے کہاکہ چاہے کوئی کتنا بھی بااثرکیوں نہ ہوکارروائی کی جائے گی، ڈی آئی جی ایسٹ کوانکوائری افسرنامزد کردیا گیا ہے، ملزمان کوقانون کی گرفت میں لایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ایسے گھنائونے فعل میں ملوث ملزمان سے رعایت نہ برتی جائے۔وزیرداخلہ نے متاثرہ خاندان کو ڈی آئی جی ایسٹ کے دفتر جانے کیلئے اپنی گاڑی دی اور اپناپرسنل اسٹاف افسربھی خاندان کے ہمراہ روانہ کیا۔

متعلقہ عنوان :