پی آئی اے کی پرواز میں آپس میں لڑنیوالی دونوں ایئرہوسٹس معطل

معطل کی گئیں دونوں ایئر ہوسٹس کے خلاف انکوائری مقرر کر دی گئی ہے، ترجمان پی آئی اے

جمعہ 19 جنوری 2018 16:09

پی آئی اے کی پرواز میں آپس میں لڑنیوالی دونوں ایئرہوسٹس معطل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) پی آئی اے انتظامیہ نے دوران پرواز آپس میں لڑائی کرنے اور ایئرلائن قوانین کی خلاف ورزی پر دونوں خواتین ایئر ہوسٹسز کو معطل کردیاہے۔ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 313 میں 2 ایئرہوسٹس آپس میں لڑ پڑیں۔

(جاری ہے)

دونوں کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں کی جانب سے مسافروں کے سامنے اس قدر شور شرابہ کیا گیا کہ طیارے میں موجود بچے سہم گئے اور طیارے میں موجود تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں چھوڑ کر ان میں بیچ بچائو کرانے لگا۔

ترجمان پی آئی اے انتظامیہ نے ایئرلائن قوانین کی خلاف ورزی پردونوں خواتین ایئر ہوسٹسز کو معطل کر دیا ہے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق معطل کی گئیں دونوں ایئر ہوسٹس کے خلاف انکوائری مقرر کر دی گئی ہے۔