ہمارا تین سالہ دور مخالفین کے 60 سالہ دور سے بہتر ثابت نہ ہوا تو وہ سیاست کو الوداع کہہ دیں گے، بابر نواز خان

جمعہ 19 جنوری 2018 16:04

ہمارا تین سالہ دور مخالفین کے 60 سالہ دور سے بہتر ثابت نہ ہوا تو وہ سیاست ..
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) رکن قومی اسمبلی و چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی انسانی حقوق بابر نواز خان نے کہا ہے کہ ان کا تین سالہ دور مخالفین کے 60 سالہ دور اقتدار سے بہتر ثابت نہ ہوا تو وہ سیاست کو الوداع کہہ دیں گے، (آج) ہفتہ کو ہری پور کے باشعور عوام کرٹس گرائونڈ میں شرکت کر کے اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو یہاں ایک تقریب میں انہوں نے کہا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے قائدین کے مشکور ہیں جنہوں نے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے 21 ارب روپے کا خطیر فنڈ ہری پور کے عوام کیلئے فراہم کیا، 600 دیہات کو سوئی گیس کا وعدہ ایفا کر دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل کو بجلی کے پول اور ٹرانسفارمر، نئے گرڈ سٹیشن کا قیام محسن پاکستان محمد نواز شریف کی محبتوں کا والہانہ ثبوت ہے، نواز شریف کا جلسہ متحدہ اپوزیشن کی سیاست میں آخری کیل ثابت ہو گا، عوام ان ملک دشمن جماعتوں کے کرتوتوں سے اچھی طرح واقف ہوچکے ہیں اور وہ اب ان کے بہکاوے میں کسی صورت نہیں آئیں گے، گذشتہ روز لاہور میں ہونے والا شو مکمل طور پر ناکام ہوا ہے، اہلیان لاہور نے انہیں سرخ جھنڈی دکھا دی ہے، لاہور جلسہ دیکھ کر ان کی اپنی آنکھیں بھی کھل چکی ہیں اور وہ جان چکے ہیں کہ عوام اب ان کے ساتھ نہیں ہیں۔