نواز شریف کو اسلامی نظام نافذکرنے، ایٹمی دھماکوں اور ملکی اداروں کو مضبوط کرنے کے جرم کی سزا دی گئی

رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کا غازی میں جلسہ سے خطاب

جمعہ 19 جنوری 2018 16:04

نواز شریف کو اسلامی نظام نافذکرنے، ایٹمی دھماکوں اور ملکی اداروں کو ..
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کا مارشل لاء فوج نے نہیں لگایا تھا، فوج اس وقت بھی نواز شریف کی حمایت میں تھی، نواز شریف کو کبھی اسلامی نظام نافذ کرنے، کبھی ایٹمی دھماکے کرنے اور کبھی ملکی اداروں کو مضبوط کرنے کے جرم میں اقتدار سے محروم کیا گیا، نواز شریف نے انہیں ضلع ہری پور کیلئے سوئی گیس فراہمی کی مد میں 22 ارب روپے دیئے تھے۔

وہ گذشتہ روز غازی میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف نے جو مارشل لاء لگایا تھا، اس وقت اس کو فوجی حمایت حاصل نہیں تھی، فوج اس وقت بھی نواز شریف کی حامی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کبھی اسلامی نظام کے نفاذ، کبھی ایٹمی تجربات کرنے اور کبھی ملکی اداروں کو مضبوط کرنے کے جرم میں اقتدار سے محروم کیا گیا مگر نواز شریف نے ہر بار ملک او قوم کے مفاد کی خاطر جدوجہد کی اور اب تحریک عدل کے ذریعہ ملک کو ان سازشوں سے بچائیں گے۔

(جاری ہے)

پیر صابر شاہ کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ پیر صابر شاہ نے جتنی وفا نواز شریف سے کی ہے اتنی کوئی بھی نہیں کر سکتا، پیر صابر شاہ کے کہنے پر نواز شریف نے ضلع ہری پور کی سوئی گیس کیلئے 22 ارب روپے فراہم کئے تھے۔