دنیا میں انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں ، دل جان فاؤنڈیشن

کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا کا تقریب سے خطاب

جمعہ 19 جنوری 2018 15:03

دنیا میں انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں ، دل جان فاؤنڈیشن
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) گورنر خیبر پختون خوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ دنیا میں انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی خدمت نہیں ، دل جان فاؤنڈیشن نے کے پی کے جس دورافتادہ علاقہ میں بنیادی صحت ، تعلیم، معذور افراد کی بحالی سمیت دکھی انسانیت کی خدمت کا جو بیڑہ اٹھایا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی ۔ حکومت سطح پر اور ذاتی حیثیت میں فاؤنڈیشن کے ساتھ پہلے کی طرح ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک مقامی ہوٹل میں دل جان فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہاشو فاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقدہ چیرٹی ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے فائونڈیشن کے لئے 10 لاکھ روپے کے عطیہ کا بھی اعلان کیا ۔گورنر کے پی کے نے کہا کہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین دل جان خان نے اپنے علاقے کے لوگوں کے دکھ درد کو محسوس کیا اور عملی طور پر انسانیت کی بلا تفریق خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے اس کی خدا کسی کسی کو توفیق عطا کرتا ہے اعلی عہدوں پر فائز رہنے کے باوجود انہوں نے جو راستہ اختیار کیا ہم سب کے لئے یہ راستہ مشعل راہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر ہم ارض پاکستان کو بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے افکار اورعلامہ محمد اقبال کے نظریات پر مبنی اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر دل جان فاؤنڈیشن کے ان گنت فلاحی کاموں کی تفصیلات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا اور حکومت اور اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔تقریب سے ہاشو گروپ اور ہاشو فاؤنڈیشن کے چیئرمین صدرالدین ہاشوانی , عائشہ خان ہاشوانی نے بھی خطاب کیا اور دل جان خان کی انسانیت کے لئے خدمات اور ہاشو فاؤنڈیشن کے تعاون سے متعلق سیر حاصل گفتگو کی۔

اس موقع پر سینیٹر طلحہ محمود نے سر دست ایک لاکھ روپے کا عطیہ پیش کیا اور مستقبل میں بھی اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلی زمرد خان نے کہا کہ انہوں نے اپنی ساری زندگی سویٹ ہومز کے ننھے فرشتوں اور پریوں کے لئے وقف کر دی ہے میں دل جان فاؤنڈیشن کے لئے سالانہ 5 لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کرتا ہوں اور میں اور سویٹ ہومز کے میرے بیٹے اور بیٹیاں اس کار خیر کے لئے ہمہ وقت حاضر ہوں گے۔دہشت قومی اسمبلی ڈاکٹر آمین لعل نے بھی سالانہ ایک لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا جبکہ تقریب میں شریک دیگر مخیر خواتین و حضرات اور معاشرے کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اپنے عطیات جمع کرائے ۔

متعلقہ عنوان :