سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انسانی حقوق کے قومی کمیشن سے گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے رپورٹ طلب کرلی

جمعہ 19 جنوری 2018 13:35

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انسانی حقوق کے قومی کمیشن سے گزشتہ ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انسانی حقوق کے قومی کمیشن سے گزشتہ ایک سال کے دوران ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عبدالقہار ودان کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے بتایا کہ حکومت ملک بھر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

انسانی حقوق کا علاقائی دفتر کوئٹہ نے جون 2013ء سے دسمبر 2017ء تک میڈیا مانیٹرنگ کے ذریعے 3297 معاملات پر کارروائی کی ہے۔ 41 آگاہی سیمنارز و ورکشاپس منعقد کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسانی حقوق کے لائحہ عمل پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے قومی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کے جواب میں بتایا کہ سعودی عرب اور ملائیشیا میں بہت سے پاکستانی بے روزگار ہوئے۔

سابق وزیراعظم نے اس پر کمیٹی بنائی اور تین ہزار لوگوں کو مفت وطن واپس لایا۔ دو ہزار کے اقامہ جات کی تجدید کرا کے انہیں ملازمت دلائی۔ ان کے خاندانوں کو پچاس پچاس ہزار روپے روزمرہ ضرورت پوری کرنے کے لئے دیئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کے ایکشن پلان کے تحت ہیومن رائٹس کمیشن اور تمام صوبوں میں چیف سیکرٹریوں کو فوکل پرسن بنایا گیا اور ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو رہا ہے۔

ساجدہ یگم کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انسانی حقوق کے قومی کمیشن نے اپنے قیام سے اب تک ایک ہزار 241 مختلف شکایات نمٹائی ہیں۔ ایس اے اقبال قادری کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کمیشن کے لوگ قصور میں گئے اور زینب کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں بیانات لئے۔ سپیکر نے کہا کہ اس بارے میں کمیشن سے رپورٹ لے کر ایوان میں پیش کی جائے۔ سپیکر نے کہا کہ انسانی حقوق کے قومی کمیشن کے قیام سے اب تک کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جائے۔